پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے منگل کے روز اوورسیز پاکستانیوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے ملک مقیم پاکستانی ’برین ڈرین‘ (یعنی ملک سے ذہانت کا اخراج) نہیں بلکہ ایک ’برین گین‘ (یعنی علمی اور معاشی سرمایہ) ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا جذبہ دیکھ کر دل بہت متاثر ہوا ہے۔،ہمارے جذبات آپ کے لیے اور بھی مضبوط ہیں، آپ صرف سفیر نہیں، بلکہ پاکستان کی وہ نور ہیں جو دنیا بھر کے ممالک کو روشن کررہا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ ’برین ڈرین‘ کا بیانیہ پھیلانے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ یہ دراصل برین گین ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز کمیونٹی اس کی شاندار مثال پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا پاکستان کے دشمن واقعی یہ سمجھتے ہیں کہ مٹھی بھر دہشت گرد ہماری تقدیر کا فیصلہ کر سکتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان یا پاکستان کو کمزور نہیں کر سکتیں، بلوچستان پاکستان کا مقدر ہے۔
قوم کے سپہ سالار نے کہا کہ عوام اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، کوئی بھی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ہم مل کر ترقی کی راہ میں حائل ہر رکاوٹ کو دور کریں گے۔
آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ جہاں بھی رہیں، یاد رکھیں کہ آپ کی وراثت ایک عظیم معاشرے، نظریے اور تہذیب سے آتی ہے۔ سر بلند رکھیں – آپ کسی عام قوم کی نمائندگی نہیں کرتے۔
آرمی چیف نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا۔
فلسطین کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کا دل غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
“ہم قائداعظم کا خواب پورا کریں گے۔ سوال یہ نہیں کہ پاکستان ترقی کرے گا یا نہیں، بلکہ سوال یہ ہے کہ کتنی تیزی سے ترقی کرے گا۔
Comments