وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ فچ کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ ٹرپل سی پلس سے بڑھا کر بی کرنے کا فیصلہ حکومت کی معاشی اصلاحات اور پالیسیوں پر اعتماد کا مضبوط اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ فچ ریٹنگز نے تین سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان کی ریٹنگ کو اپ گریڈ کیا ہے اور ہمارے معاشی منظرنامے کو مستحکم قرار دیا ہے۔
یہ بیان فچ ریٹنگز کی جانب سے جاری کردہ اس اعلان کے بعد سامنے آیا، جس میں ادارے نے پاکستان کی طویل مدتی غیر ملکی کرنسی میں قرض ادائیگی کی درجہ بندی کو ٹرپل سی پلس سے بڑھا کر بی مائنس کردیا ہے جبکہ معاشی آؤٹ لک (مستقبل کی پیش گوئی) کو مستحکم برقرار رکھا گیا۔
فچ نے ایک بیان میں کہا کہ درجہ بندی میں بہتری اس اعتماد کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان اپنے بجٹ خسارے کو کم کرنے اور ساختی اصلاحات پر عمل درآمد کے حوالے سے حالیہ پیش رفت کو برقرار رکھے گا، جو کہ آئی ایم ایف پروگرام کی کارکردگی اور مالی وسائل کی دستیابی کے لیے معاون ہے۔
تاہم ریٹنگ ایجنسی نے متنبہ کیا کہ عالمی تجارتی تناؤ اور مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ بیرونی دباؤ پیدا کر سکتے ہیں لیکن تیل کی کم قیمتوں اور برآمدات اور مارکیٹ فنانسنگ پر پاکستان کے کم انحصار سے خطرات کو کم کیا جاسکتا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ فچ ریٹنگز کی اپ گریڈیشن سے حکومت کے معاشی ایجنڈے کو مزید تقویت ملے گی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اس پیش رفت کے بعد ملک میں سرمایہ کاری، تجارت، روزگار کے مواقع، صنعتی ترقی اور اضافی مالی وسائل تک رسائی میں اضافہ متوقع ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت معاشی اصلاحات اور معاشی استحکام کا سفر جاری رکھے گی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان کی معیشت میں مزید بہتری اور استحکام دیکھنے کو ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں عالمی ریٹنگ ایجنسیاں، سرمایہ کار اور مالیاتی ادارے پاکستان پر زیادہ اعتماد اور اعتماد کا اظہار کریں گے۔
Comments