پاکستان نے ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان میں آٹھ پاکستانی شہریوں کے قتل کے المناک واقعے کی تحقیقات میں ایران سے مکمل تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق مقتول شہریوں کا تعلق پاکستان اور ایران کی سرحد سے تقریبا 230 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع مہرستان کاؤنٹی سے ہے۔ تہران میں پاکستانی سفارت خانے اور زاہدان میں قونصل خانے نے مقتول افراد کی شناخت کی تصدیق کے لیے فوری قونصلر رسائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قیادت اور عوام اس افسوسناک واقعے پر انتہائی رنجیدہ اور پریشان ہیں، وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ہدایت پر، ایران میں موجود پاکستانی سفارتی مشنز ایرانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ واقعے کی مکمل تحقیقات، مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے، اور جاں بحق افراد کی میتوں کی جلد واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ایران میں اپنے شہریوں کے غیر انسانی اور بزدلانہ قتل کی شدید مذمت کرتا ہے، ہمیں امید ہے کہ ایرانی حکام تحقیقات میں مکمل تعاون فراہم کریں گے اور جاں بحق افراد کی میتوں کی بروقت واپسی کو ممکن بنائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ لاشوں کی شناخت اور قتل کے افسوسناک واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنے کے بعد مزید معلومات جاری کی جائیں گی۔

Comments

200 حروف