پاکستان اور امریکہ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے میں تربیتی تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ پیشرفت چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اور امریکی کانگریس کے وفد کے درمیان ملاقات کے دوران ہوئی، جس کی قیادت جیک برگمین کر رہے تھے، ان کے ہمراہ تھامس سوزی اور جوناتھن جیکسن بھی موجود تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تربیتی تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر خصوصی طور پر زور دیا گیا۔

دونوں فریقین نے باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور مشترکہ تزویراتی مفادات پر مبنی پائیدار روابط کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آرنے بتایا کہ امریکی قانون سازوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے دیرینہ کردار کا اعتراف کیا۔

پاکستان کی خودمختاری کے احترام کو اجاگر کرتے ہوئے امریکی کانگریس کے وفد نے وسیع البنیاد دوطرفہ تعاون بالخصوص سلامتی، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق آرمی چیف منیر نے امریکا کے ساتھ دیرینہ شراکت داری مزید مضبوط اور متنوع بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا اور کہا کہ یہ شراکت داری دوطرفہ فوائد اور ایک دوسرے کے قومی احترام پر مبنی ہو۔

قبل ازیں امریکی وفد نے اسلام آباد میں وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات کی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران محسن نقوی نے پاکستان کے کردار کو دہشت گردی اور باقی دنیا کے درمیان دیوار قرار دیتے ہوئے عالمی دہشت گردی کے خلاف مضبوط بین الاقوامی تعاون پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے اور عالمی برادری کو پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہیے۔

Comments

200 حروف