کراچی ٹریفک پولیس نے شاہراہِ فیصل پر تیز رفتاری سے ڈمپر چلانے والے ڈرائیورز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کیا ہے۔ یہ کارروائی ایک وڈیو وائرل ہونے کے بعد کی جارہی ہے جس میں اہلکار کی جانب سے روکے جانے کے باوجود ڈمپر فرار ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
کراچی ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈمپر ڈرائیور نہ صرف شہر کی ایک بڑی شاہراہ پر تیز رفتاری سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے بلکہ پٹرولنگ یونٹ کی جانب سے رکنے کے اشارے کے باوجود موقع سے فرار ہونے کی کوشش کررہا ہے۔
اس کے جواب میں تمام ڈمپر ایسوسی ایشنز کو فوری طور پر ہدایت کی گئی کہ وہ ڈمپر اور اس میں ملوث ڈرائیور کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کی تحویل میں دے دیں۔ تاہم ابتدائی تعاون اور وقت کی درخواست کے باوجود ڈمپر ایسوسی ایشن اپنے صدر لیاقت محسود کی سربراہی میں وعدہ پورا کرنے میں ناکام رہی اور ڈرائیور یا گاڑی کو پولیس کے حوالے نہیں کیا گیا۔
اس کے نتیجے میں ٹریفک پولیس نے رات گئے ٹارگٹڈ کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جس کے دوران 142 ڈمپرز کے چالان جاری کیے گئے اور بھاری جرمانے کیے گئے، 27 گاڑیاں ضبط کی گئیں اور ایک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ڈرائیور کے خلاف موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 کی دفعہ 99 اور 113 کے تحت قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ جب تک ڈمپر اور ذمہ دار ڈرائیور کو حکام کے حوالے نہیں کیا جاتا اس وقت تک آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔،کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، انہیں قانون کی حکمرانی کے سامنے سر تسلیم خم کرنا ہوگا۔
Comments