پاکستان

وزیراعظم شہبازشریف وفد کے ہمراہ بیلاروس روانہ، متعدد معاہدے ہونے کا امکان

وزیراعظم شہباز شریف صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی دعوت پر جمعرات کو بیلاروس کے دورے پر روانہ ہوگئے۔ وزیراعظم کے ہمراہ...
شائع April 10, 2025

وزیراعظم شہباز شریف صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی دعوت پر بیلاروس کے دورے پر روانہ ہوگئے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے علاوہ دیگر وزراء اور سینئر حکام بھی موجود ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ نومبر 2024 میں صدر لوکاشینکو کے پاکستان کے اہم دورے کے بعد ہورہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مضبوط اور جاری شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔

اپنے دورے کے دوران وزیراعظم صدر لوکاشینکو سے ملاقات کریں گے تاکہ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا جا سکے۔

توقع ہے کہ دونوں ممالک تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کئی معاہدوں پر دستخط کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران، متعدد اعلیٰ سطح دوطرفہ ملاقاتوں—جن میں فروری 2025 میں مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کا آٹھواں اجلاس اور اپریل 2025 میں بیلاروس کے لیے ایک اعلیٰ سطح مشترکہ وزارتی وفد کا دورہ شامل ہے—نے ایک مؤثر دورے کی بنیاد رکھی ہے۔

دریں اثنا ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ لندن کے دورے سے قبل نواز شریف بھی بیلاروس کا دورہ کریں گے۔

گزشتہ سال نومبر میں صدر لوکاشینکو کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں فریقین نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا تھا اور گزشتہ دہائی کے دوران پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات کے تمام پہلوؤں میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

پاکستان اور بیلاروس نے اسلام آباد میں پاک بیلاروس بزنس فورم کے دوران دوطرفہ تجارت اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے 8 مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے۔

Comments

200 حروف