وزارتِ توانائی (پٹرولیم ڈویژن) نے کراچی کے کورنگی کراسنگ علاقے میں دریافت ہونے والے قدرتی گیس کے ذخیرے کا جائزہ لینے اور اس سے متعلق احتیاطی اقدامات کے لیے ایک ٹیکنکل کمیٹی قائم کی ہے۔
یہ اعلان ٹی پی ایل پراپرٹیز نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو دیے گئے ایک نوٹس میں کیا۔
کمیٹی میں پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے نمائندے شامل ہیں، ٹیم فوری اور موثر حل کو یقینی بنائے گی۔
31 مارچ کو کراچی کے کورنگی کراسنگ علاقے میں ایک پراسرار آگ بھڑک اُٹھی جو چھ دن تک جاری رہی۔ بعد ازاں، ٹی پی ایل پراپرٹیز نے تصدیق کی کہ آگ کا منبع قدرتی گیس کا جیب تھا۔
پی ایس ایکس کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ٹی پی ایل اس مشترکہ اقدام کی مکمل حمایت کرتا ہے اور تکنیکی کمیٹی کے کام کو ہر ممکن طریقے سے سہولت فراہم کرے گا۔
کمپنی نے کہا کہ وہ اٹھائے گئے پیشگی اقدامات کی تعریف کرتی ہے اور کنٹونمنٹ بورڈ کورنگی کریک، ضلعی انتظامیہ اور دیگر حکومتی اداروں کی مسلسل حمایت کی قدر کرتی ہے۔
ہم اس صورتحال کو انتہائی ذمہ داری اور شفافیت کے ساتھ منظم کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔
ٹی پی ایل تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی ہم آہنگی میں کام کرتا رہے گا تاکہ ایک محفوظ ماحول اور مؤثر حل کو یقینی بنایا جاسکے۔
Comments