پاکستان میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی اب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا پانچ سالہ ویزا حاصل کرسکتے ہیں کیونکہ ”مسائل حل ہوگئے ہیں“۔

اس بات کا اعلان گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور متحدہ عرب امارات کے سفیر کے درمیان گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل باخت عتیق الریمیتھی بھی موجود تھے۔

گورنر ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سفیرحماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے کہا کہ ویزا کے مسائل حل ہو چکے ہیں، پاکستانی اب پانچ سالہ ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر نے گورنرکامران خان ٹیسوری کو کراچی میں قائم ویزا سینٹر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ کئی ماہ کے دوران دبئی اور متحدہ عرب امارات کے دیگر حصوں میں جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کی جانچ پڑتال اور ویزا مسترد کیے جانے کی متعدد رپورٹس سامنے آئی ہیں۔

تاہم دونوں اطراف کے حکام نے ان رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے ویزوں پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

گزشتہ سال نومبر میں پاکستان کے دفتر خارجہ نے اس تاثر کو مسترد کر دیا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں کو ویزے جاری کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے دفتر خارجہ کی اس وقت کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ کسی بھی فرد کو ویزا دینا متعلقہ ملک کا خود مختار حق اور فیصلہ ہے۔

بزنس ریکارڈر کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’ہم اس تاثر سے اتفاق نہیں کرتے کہ پاکستانی شہریوں کے لیے ویزے پر پابندی ہے کیونکہ پاکستانی شہری متحدہ عرب امارات کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں‘۔

بعد ازاں دسمبر میں ایک انٹرویو میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل نے اس تاثر کو بھی واضح طور پر مسترد کردیا کہ متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کو ویزا مسترد کر رہا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے متحدہ عرب امارات کی اولین ترجیح ہے۔

Comments

200 حروف