بیرک گولڈ کے سی ای او مارک بریسٹو نے کہا ہے کہ ریکوڈک تانبے اور سونے کا منصوبہ پاکستان کو کان کنی کے عالمی اسٹیج پر لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقدہ دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بیریک گولڈ کے سی ای او مارک برسٹو نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ بیریک گولڈ اور پاکستان دونوں کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ پاکستان کو کان کنی کے عالمی دائرہ اختیار کی صف میں لے جائے گا اور ملکی معیشت میں نمایاں کردار ادا کرے گا، خاص طور پر بلوچستان میں تبدیلی کی ترقی کو فروغ دے گا۔
برسٹو نے 2022ء کے منصوبے میں پاکستان کے عوام اور بیرک گولڈ کے درمیان ففٹی ففٹی کی شراکت داری پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ پاکستان کی معیشت میں بڑا کردار ادا کرے گا اور پسماندہ صوبہ بلوچستان پر انقلابی اثرات ڈالے گا۔
مارک برسٹو نے بتایا کہ 2024 میں ریکوڈک کی فیزیبیلٹی اسٹڈی مکمل ہوئی، جس میں انکشاف ہوا کہ کان میں 1.5 کروڑ ٹن تانبہ اور 2.6 کروڑ اونس سونے کے ذخائر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کان دنیا کی سب سے کم لاگت پر تانبہ پیدا کرنے والی کانوں میں سے ایک بننے جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر وجہ موجود ہے کہ یقین رکھا جائے کہ ریکوڈک اس صدی کے اختتام تک بھی کام کرتا رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں پیداوار 2028 میں شروع ہوگی اور اس کا ہدف سالانہ 2.4 لاکھ ٹن تانبہ اور 3 لاکھ اونس سونا ہوگا۔
مارک برسٹو کے مطابق دوسرے مرحلے میں پیداوار بڑھا کر سالانہ 4 لاکھ ٹن تانبہ اور 5 لاکھ اونس سونا کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ صرف معاشی فوائد تک محدود نہیں بلکہ ہزاروں روزگار کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ تعمیر کے عروج پر ریکوڈک 7,500 سے زائد افراد کو روزگار دے گا۔ جب منصوبہ پیداوار شروع کرے گا تو تقریباً 4,000 براہ راست طویل مدتی ملازمتیں پیدا ہوں گی،انہوں نے بتایا کہ بیریک مقامی افراد کی بھرتی کو ترجیح دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان میں مزید تلاش اور سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع موجود ہیں، ان کی کمپنی ریکوڈک میں مزید ذخائر دریافت کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریکوڈک تو صرف ایک ابتدائی کان ہے، اس کے بعد بھی بہت کچھ آنے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم ایک نئے مائننگ فرنٹیئر کی شروعات ہے، جو پاکستان کو عالمی مائننگ منظر نامے پر لے آئے گا اور اسے چلی، پیرو، ڈی آر سی اور زیمبیا جیسے ممالک کا مقابلہ کرنے کے قابل بنائے گا۔
Comments