وزیرخزانہ سے سیکرٹری جنرل ای سی او کی ملاقات، علاقائی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال
وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب سے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید نے فنانس ڈویژن میں اہم ملاقات کی۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں علاقائی اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی اور تنظیم کے 10 رکن ممالک کے درمیان تجارت، کاروبار اور سیاحت کو بڑھانے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر اسد مجید نے وزیرخزانہ کو ای سی او کے پروفائل اور علاقائی اقتصادی تعاون کو فروغ دینے میں اس کے اسٹریٹجک کردار پر بریفنگ دی۔
انہوں نے خاص طور پر علاقائی تجارتی راہداریوں اور مارکیٹوں کے تناظر میں علاقائی تجارت اور روابط کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقائی تجارت اور روابط کو مزید مضبوط کرنا ضروری ہے جو رکن ممالک کی اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے اہم ہیں۔
ایس جی نے اپنے تقرر کے بعد رکن ممالک کے ساتھ بڑھتی ہوئی مشغولیت کے ذریعے تجارت اور سیاحت کو بڑھانے کے لیے ای سی او کی جانب سے کی جانے والی پیشرفت پر بھی روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر اسد مجید جو 8 سے 10 اپریل تک پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں، نے تنظیم کو مزید مستحکم اور فعال بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں تاکہ یہ خطے کی تجارت اور تعاون کو مؤثر طریقے سے آگے بڑھاسکے۔
انہوں نے خطے میں تجارت، معیشت اور سیاحت کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے میں باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
اس کے جواب میں محمد اورنگزیب نے سیکریٹری جنرل کو علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مختلف ای سی او اقدامات میں وزارت کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
محمد اورنگزیب نے تنظیم کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعاون کے عزم کا بھی اعادہ کیا، اور یہ یقینی بنایا کہ وزارت خزانہ آئندہ علاقائی تجارت اور رابطے سے متعلق مباحثوں اور اقدامات میں باقاعدہ نمائندگی فراہم کرے گی۔
دونوں فریقین نے ای سی او کے رکن ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ نمو اور ترقی کے لئے ماحول کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Comments