پاکستان کی سب سے بڑی سافٹ ویئر فرموں میں سے ایک سسٹمز لمیٹڈ نے پیر کو اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کیا ہے کہ اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے حصص کی تقسیم (سب ڈویژن) کی تجویز دی ہے جو شیئر ہولڈرز کی منظوری سے مشروط ہے۔
کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 21 مارچ 2025 کو ہونے والے اپنے اجلاس میں منظوری دی ہے کہ کمپنی کے حصص کی بنیادی قیمت کو 10 روپے سے کم کرکے 2 روپے فی حصص کردیا جائے جو کہ کمپنیز ایکٹ 2017 کے سیکشن 85(1)(c) کے مطابق ہوگا۔ یہ تقسیم 1 حصص کے بدلے 5 حصص کے تناسب سے کی جائے گی۔
عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) نے کہا ہے کہ اس کے نتیجے میں عام حصص کی مجموعی تعداد 292.9 ملین سے بڑھ کر 1.46 بلین ہو جائے گی۔
اس اقدام کا مقصد سرمایہ کاروں کی رسائی کو بڑھانا اور مارکیٹ لیکوڈٹی کو بہتر بنانا ہے۔
کمپنی کے تازہ ترین مالیاتی نتائج کے مطابق کمپنی نے سال 2024 میں 7.46 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا جبکہ 2023 میں کمپنی کو 8.69 ارب روپے کا پی اے ٹی رجسٹرڈ ہوا تھا جو 14 فیصد سے زائد کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔
پیر کو کاروبار کے اختتام پر سسٹمز لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 8.33 روپے یا 1.44 فیصد کمی سے 571.72 روپے پر بند ہوئی۔
سعودی عرب میں توسیع کا منصوبہ
ایک اور پیشرفت میں سسٹمز لمیٹڈ نے اپنے شیئر ہولڈرز کو آگاہ کیا ہے کہ کمپنی سعودی عرب میں اپنی سرمایہ کاری کو دگنا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
بیان کے مطابق سعودی عرب نمایاں ترقی کے مواقع فراہم کرتا ہے جہاں توسیع کی گنجائش متحدہ عرب امارات کے مقابلے میں 3 سے 5 گنا زیادہ ہے۔ مختلف شعبوں میں وسیع مواقع کمپنی کی مہارت سے ہم آہنگ ہیں لہٰذا کمپنی اپنی سعودی آپریشنز کو توسیع دے رہی ہے اور سرمایہ کاری میں اضافہ کررہی ہے۔
سسٹمز نے کہا کہ سعودی عرب مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں بھاری سرمایہ کاری کررہا ہے جس میں 100 ارب ڈالر کا اے آئی فنڈ بھی شامل ہے جو کمپنی کے لیے ان ترقیاتی مواقع سے فائدہ اٹھانے کا ایک وسیع موقع فراہم کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت کے ساتھ مضبوط بین الاقوامی تعلقات اس توسیعی حکمت عملی کو مزید تقویت دیتے ہیں۔
سسٹمز لمیٹڈ سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ، ٹریڈنگ، اور بزنس پروسیس آؤٹ سورسنگ سروسز میں مہارت رکھتا ہے، جو اپنے کلائنٹس کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سفر میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔
مضبوط مقامی موجودگی کے ساتھ، سسٹمز لمیٹڈ نے امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین اور مشرق وسطیٰ سمیت اہم بین الاقوامی خطوں میں بھی اپنی مستحکم شناخت قائم کر لی ہے۔
Comments