پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کی کابل میں ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال
پاکستان کے افغانستان کے لیے خصوصی نمائندے، محمد صادق خان، کابل پہنچے ہیں جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانا ہے۔ سرکاری ریڈیو پاکستان نے یہ بات ہفتے کو اپنی ایک رپورٹ میں بتائی ہے۔
وہ یہ دورہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی ہدایت پر کر رہے ہیں۔
یہ دورہ ایک ایسے اہم وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان کو عسکریت پسندوں کے حملوں میں اضافے کا سامنا ہے۔
دونوں ہمسایہ ممالک کے قبائلی جرگوں کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد 27 روز سے زائد عرصے تک بند رہنے کے بعد بدھ کی شام طورخم کے مقام پر پاک افغان کراسنگ پوائنٹ کو مریضوں اور کارگو ٹرانسپورٹ کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
پاکستان نے 21 فروری کو طورخم کے مقام پر اس وقت سرحد بند کردی تھی جب افغان فورسز نے متنازع علاقے میں سرحدی چوکی بنانے کی کوشش کی تھی جس کے بعد دونوں ممالک کی سیکیورٹی فورسز کے درمیان مسلح جھڑپیں ہوئیں۔
کشیدگی اس وقت بڑھی جب افغان سکیورٹی فورسز نے شدید فائرنگ اور ہتھیاروں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
دونوں ممالک کے حکام اور عہدیداروں نے تصدیق کی ہے کہ آنے والے دنوں میں پیدل آنے جانے والے شہریوں کی عام نقل و حرکت دوبارہ شروع ہونے والی ہے۔
پاکستان اس واقعے کے بعد سے اس بات پر زور دے رہا ہے کہ ممنوعہ یا محدود علاقے میں مشاورت کے بغیر تعمیرات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
Comments