شفیع کیمیکل انڈسٹریز لمیٹڈ (ایس ایچ سی آئی) نے اپنی بنیادی کاروباری سرگرمی کو کیمیکل مینوفیکچرنگ سے فرنیچر مینوفیکچرنگ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لسٹڈ کمپنی نے جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز نے نئی مستقبل کی حکمت عملی کا جائزہ لے کر منظوری دی ہے جس میں اہم ترقیاتی اقدامات پر توجہ دی گئی ہے۔ اس حکمت عملی میں فیکٹری میں فرنیچر مصنوعات کی تیاری کے ذریعے کاروباری سرگرمیوں کی بحالی شامل ہے۔
ایس ایچ سی آئی نے بتایا کہ کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت کوئی بھی کمپنی کسی بھی قانونی کاروبار یا سرگرمی میں مشغول ہو سکتی ہے، بشرطیکہ اس کا بنیادی کاروباری شعبہ اس کے میمورنڈم آف ایسوسی ایشن (ایم او اے) میں درج ہو اور اس کے نام سے مطابقت رکھتا ہو۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمپنیز ایکٹ 2017 کی تعمیل میں ہم ایک نیا ایم او اے اپنائیں گے جس میں فرنیچر کی تیاری کو ہمارا بنیادی کاروباری شعبہ قرار دیا جائے گا۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کو شیئر کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہم اپنی بنیادی توجہ فرنیچر مینوفیکچرنگ پر منتقل کر رہے ہیں، نتیجتاً ہمارا بنیادی کاروبار فرنیچر سے متعلق سرگرمیوں پر مشتمل ہوگا۔
مزید برآں بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کا نام ”شفیع کیمیکل انڈسٹریز لمیٹڈ“ سے تبدیل کرکے ”شفیع انڈسٹریل انٹرپرائزز لمیٹڈ“ کرنے کی بھی تجویز پیش کی جو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی منظوری سے مشروط ہے۔
کمپنی نے اپنے مجاز سرمایہ کو 120 ملین روپے سے بڑھا کر 400 ملین روپے کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے تاکہ مستقبل قریب میں فنڈ ریزنگ اور ایکویٹی میں توسیع کے لیے رائٹس ایشو شروع کیا جا سکے۔
ایس ایچ سی آئی کو کمپنیز آرڈیننس، 1984 کے تحت 27 ستمبر 1994 کو پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔
کمپنی کی بنیادی سرگرمی ڈائی آکٹائل آرتھو فیتھالیٹس (ڈی او پی) کیمیکلز کی تیاری اور پروسیسنگ کرنا ہے، فی الحال کمپنی لیتھ اور ڈلٹیکس بائنڈرز تیار کر رہی ہے۔
Comments