پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے تور درہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشن کا آغاز علاقے میں خوارج عسکریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کے بعد کیا گیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے جو علاقے میں دہشت گردی کی متعدد سرگرمیوں میں سرگرم تھے۔
آئی ایس پی آر نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ علاقے میں باقی ماندہ عسکریت پسندوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
Comments