حکومت نے ڈیجیٹل فنانس کو ایڈوانس، ریگولیٹ کرنے کیلئے پاکستان کرپٹو کونسل لانچ کردیا
- پاکستان کا مقصد کرپٹو اسپیس میں سرمایہ کاروں، کاروباری اداروں اور جدت طرازوں کے لئے محفوظ اور ہم آہنگ ماحول کو فروغ دینا ہے، فنانس ڈویژن
حکومت نے جمعہ کو پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کا باضابطہ آغاز کیا ہے جس کا مقصد بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں کو اپنے مالیاتی منظر نامے میں ریگولیٹ اور ضم کرنا ہے۔ یہ بات وزارت خزانہ نے جمعے کو جاری اعلامیے میں بتائی ہے۔
یہ پیش رفت حکومت کی جانب سے بلال بن ثاقب کو پی سی سی کے لیے وزیر خزانہ کا چیف ایڈوائزر مقرر کیے جانے کے ایک ہفتے بعد سامنے آئی ہے۔
پی سی سی حکومتی حمایت یافتہ اقدام ہے جس کا مقصد پاکستان کے مالیاتی اور معاشی فریم ورک میں بلاک چین اور کرپٹو کرنسی کی جدت طرازی کو ریگولیٹ، فروغ اور ضم کرنا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان کرپٹو کونسل کو باضابطہ طور پر لانچ کیا گیا ہے جو بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں کو اپنے مالیاتی منظر نامے میں ریگولیٹ اور ضم کرنے سے متعلق حکومت کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
فنانس ڈویژن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کونسل پالیسیوں کی تشکیل، جدت طرازی کو فروغ دینے اور پاکستان میں کرپٹو کو اپنانے کے لئے ایک محفوظ اور آگے کی سوچ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب کونسل کی سربراہی کریں گے۔
پی سی سی کے بورڈ ممبران میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، وفاقی سیکریٹری قانون اور وفاقی آئی ٹی سیکریٹری شامل ہیں۔
اعلامیے کےمطابق قیادت کا یہ متنوع ڈھانچہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ریگولیٹری نگرانی، مالی استحکام، قانونی فریم ورک اور تکنیکی ترقی کو پاکستان کے کرپٹو ایکو سسٹم کی مدد کیلئے ہم آہنگ کیا جائے۔
’پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس کا ایک نیا دور‘
فنانس ڈویژن نے کہا کہ پاکستان کرپٹو کونسل کا قیام پاکستان کو بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں کی طرف عالمی منتقلی میں سب سے آگے لے جانے میں حکومت کے فعال موقف کی نشاندہی کرتا ہے۔
ریگولیٹری وضاحت اور منظم نقطہ نظر کے ساتھ، پاکستان کا مقصد کرپٹو اسپیس میں سرمایہ کاروں، کاروباری اداروں اور جدت طرازوں کے لئے ایک محفوظ اور مطابقت پذیر ماحول کو فروغ دینا ہے۔
کونسل کے اجراء کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹل فنانس کی جانب بڑھ رہی ہے اور پاکستان اس شعبے میں رہنما بننا چاہتا ہے۔ پاکستان کرپٹو کونسل کا قیام جدت طرازی کو اپنانے کی جانب ایک قدم ہے جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہم ایک ریگولیٹری فریم ورک تشکیل دیں جو سرمایہ کاروں اور مالیاتی نظام کی حفاظت کرے۔ ہم ایک ذمہ دار اور ترقی پسند کرپٹو ایکو سسٹم کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں جو پاکستان کی اقتصادی ترقی میں حصہ ڈال سکتا ہے۔
پی سی سی کے سی ای او بلال بن ثاقب نے اس اقدام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ کونسل صرف قواعد و ضوابط کے بارے میں نہیں ہے - یہ ایک ایسا نظام بنانے کے بارے میں ہے جہاں بلاک چین اور ڈیجیٹل فنانس پھل پھول سکتے ہیں۔ ہمارا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ پاکستان سیکورٹی، شفافیت اور جدت طرازی کو ترجیح دیتے ہوئے عالمی ڈیجیٹل معیشت میں مسابقتی کھلاڑی بنے، اہم اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرکے ہمارا مقصد ترقی پسند پالیسی سازی اور ایک ایسے ماحول کو فروغ دینے کے درمیان توازن قائم کرنا ہے جہاں کاروباری افراد اور کاروباری ادارے اعتماد کے ساتھ بلاک چین ٹیکنالوجی کے امکانات ڈھونڈ سکیں۔
فنانس ڈویژن کے مطابق، پی سی سی واضح ریگولیٹری پالیسیاں تیار کرنے، سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے اور پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل اثاثوں کے منظر نامے میں ایک کلیدی کھلاڑی کے طور پر پیش کرنے پر توجہ مرکوز کرے گا۔
بیان کے مطابق جب کونسل اپنی کارروائیوں کا آغاز کرے گی، تو وہ درج ذیل امور کو ترجیح دے گی:
-
کرپٹو اپنانے کے لیے واضح ضابطہ اخلاق مرتب کرنا۔
-
بین الاقوامی کرپٹو اور بلاک چین تنظیموں کے ساتھ رابطہ قائم کرنا تاکہ بہترین طریقوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
-
فن ٹیک اسٹارٹ اپس ، سرمایہ کاروں اور بلاک چین ڈویلپرز سمیت صنعت میں اہم کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر کام کرکے ذمہ دارانہ جدت طرازی کی حوصلہ افزائی کرنا۔
-
مضبوط قانونی اور تعمیلی فریم ورک کے ذریعے صارفین کی حفاظت اور مالی تحفظ کو یقینی بنانا۔
Comments