خام تیل کی قیمتوں میں جمعہ کو اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو پچھلے سیشن میں 1 فیصد سے زائد کمی کے بعد کسی حد تک مستحکم ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ یوکرین جنگ کے فوری خاتمے کے امکانات میں کمی ہے جس سے روسی توانائی کی سپلائی کی بحالی کی امیدیں کمزور پڑگئی ہیں۔

برینٹ کروڈ فیوچرز 46 سینٹ یا 0.7 فیصد اضافے سے 70.34 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئے جب کہ پچھلے سیشن میں یہ 1.5 فیصد کمی کے ساتھ بند ہوا تھا۔

امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کروڈ 48 سینٹ یا 0.7 فیصد اضافے سے 67.03 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا جب کہ جمعرات کو یہ 1.7 فیصد کمی کے ساتھ بند ہوا تھا۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے جمعرات کو کہا کہ ماسکو اصولی طور پر یوکرین میں جنگ بندی کے لیے امریکی تجویز کی حمایت کرتا ہے، تاہم اس نے کچھ وضاحتیں اور شرائط طلب کی ہیں، جو لڑائی کے فوری خاتمے کے امکانات کو محدود کرتی ہیں۔

روس کی جانب سے یوکرین کے ساتھ 30 روزہ جنگ بندی کی تجویز کیلئے مشروط حمایت نے قلیل مدتی جنگ بندی کے امکانات کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔آئی جی مارکیٹ کے تجزیہ کار ٹونی سائی کامور نے کہا کہ یہ خیال عام ہے کہ امریکہ اس وقت تک پابندیاں ختم نہیں کرے گا جب تک کہ مکمل اور باضابطہ جنگ بندی پر اتفاق نہ ہوجائے۔

تاہم عالمی تجارتی جنگ، جس نے مالیاتی منڈیوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور کساد بازاری کے خدشات کو بڑھا دیا ہے، شدت اختیار کر رہی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو یورپ سے درآمد ہونے والی شراب اور دیگر مصنوعات پر 200 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔

بین الاقوامی توانائی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال عالمی سطح پر تیل کی سپلائی طلب سے تقریباً 6 لاکھ بیرل یومیہ زیادہ ہوسکتی ہے جس کی وجہ امریکہ کی قیادت میں پیداوار میں اضافہ اور عالمی طلب میں توقع سے کمزور اضافہ ہے۔

آئی ای اے نے کہا کہ ہمارے تیل کی طلب کے تخمینے کی بنیاد بننے والی میکرو اقتصادی صورتحال گزشتہ ماہ بگڑگئی کیونکہ امریکہ اور کئی دیگر ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی میں اضافہ ہوا۔ اس کے نتیجے میں ایجنسی نے 2024 کی چوتھی سہ ماہی اور 2025 کی پہلی سہ ماہی کیلئے طلب میں اضافے کے تخمینے کم کردیے۔

ٹرمپ کی تجارتی جنگ سے جڑے خدشات اور طلب میں کمی کے اندیشوں نے گزشتہ روز تیل کی قیمتوں کو نقصان پہنچایا، تاہم قلیل مدت میں عالمی منڈیوں میں روسی تیل کی ممکنہ کمی نے جمعہ کو قیمتوں کو کچھ سہارا دیا۔

Comments

200 حروف