پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں خریداری کا رجحان جاری رہے، جمعہ کو کاروبار کے ابتدائی گھنٹوں کے دوران بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

صبح 9 بج کر 20 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 611.06 پوائنٹس یا 0.53 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 15 ہزار 705 کی سطح پر تھا۔

آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز اور ریفائنری سمیت اہم شعبوں میں خریداری میں تیزی دیکھی گئی۔ اے آر ایل، حبکو، ایم اے آر آئی، او جی ڈی سی، پی ایس او، ایس ایس جی سی، ایم ای بی ایل، ایچ بی ایل اور یو بی ایل کے حصص میں تیزی کا رجحان رہا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال 25-2024 کے پہلے آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران 7 ہزار 346 ارب روپے جمع کیے جبکہ ہدف 7 ہزار 947 ارب روپے تھا جو 601 ارب روپے کے بڑے شارٹ فال کو ظاہر کرتا ہے۔

ایف بی آر کے اعداد و شمار کے مطابق فروری 2025 کے دوران ایف بی آر نے عارضی طور پر 850 ارب روپے جمع کیے جبکہ ہدف 983 ارب روپے تھا جو 133 ارب روپے کے شارٹ فال کو ظاہر کرتا ہے۔

جمعرات کو پی ایس ایکس میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا، بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1009.70 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 15094 کی سطح پر بند ہوا۔

بین الاقوامی سطح پر جمعے کے روز ایشیا کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور عالمی منڈیوں میں زبردست فروخت کے بعد تیزی ہوئی جبکہ عالمی تجارتی تناؤ میں اضافے کے باعث سونا ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔

امریکی حکومت کی جانب سے شٹ ڈاؤن سے ممکنہ طور پر گریز کے باعث ایشیائی حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جب سینیٹ کے ڈیموکریٹک رکن چک شومر نے کہا کہ وہ ریپبلکن اسٹاپ گیپ فنڈنگ بل کو آگے بڑھانے کے لیے ووٹ دیں گے۔

اس کے بعد امریکی اسٹاک فیوچرز میں تیزی سے اضافہ ہوا ، نیسڈیک میں 0.87 فیصد اور ایس اینڈ پی 500 فیوچرز میں 0.7 فیصد اضافہ ہوا۔

جاپان سے باہر ایشیا بحرالکاہل کے حصص کے ایم ایس سی آئی کے وسیع ترین انڈیکس میں 0.2 فیصد اضافہ ہوا ، حالانکہ عالمی تجارتی تنازعات کی وجہ سے عالمی حصص میں ہفتے کے دوران 2 فیصد سے زیادہ کی کمی کا امکان تھا۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ اگر یورپی یونین نے امریکی وہسکی اور دیگر مصنوعات پر جوابی سرچارج ختم نہیں کیا تو وہ یورپی شراب اور اسپرٹ کی درآمدات پر 200 فیصد ڈیوٹی عائد کر دیں گے۔

یہ انٹرا ڈے اپ ڈیٹ ہے

Comments

200 حروف