وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے جمعرات کو خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کی تحصیل جنڈولہ میں ایک چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا۔

اس سے قبل نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے جنڈولہ میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا اور بمبار نے گیٹ پر خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا۔

تاہم ایف سی نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے کو پسپا کر دیا تمام 10 دہشتگردوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

محسن نقوی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے والے سیکورٹی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سیکورٹی فورسز کو ان کی مثالی خدمات اور ملک کی حفاظت کے عزم پر سلام پیش کرتے ہیں۔

پاکستان میں حالیہ مہینوں میں دہشت گردی میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اسلام آباد میں قائم تھنک ٹینک پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز (پی آئی پی ایس) کی جانب سے شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق فروری 2025 میں ملک میں دہشت گردی سے متعلق اموات میں گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 73 فیصد اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ٹرین پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 21 مسافر اور 4فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 4 اہلکار شہید ہوئے۔

منگل کے روز دہشت گردوں نے ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑانے کے بعد جعفر ایکسپریس پر فائرنگ کی اور ٹرین پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد درجنوں افراد کو یرغمال بنالیا تھا جس کے بعد فورسز نے ریسکیو آپریشن کیا۔

مزید برآں، دہشت گردوں نے خود کش بمباروں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہوئے کچھ معصوم یرغمالیوں کے قریب تعینات رکھا۔

پاکستان میں ایک دہشت گرد تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے بیان میں حملہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے ریلوے ٹریک دھماکے سے اڑانے کے بعد ٹرین کا کنٹرول سنبھال لیا۔

بی ایل اے نے دھمکی دی تھی کہ اگر حکام نے 48 گھنٹوں میں بلوچ سیاسی قیدیوں، کارکنوں اور لاپتہ افراد کی رہائی ممکن نہ بنائی تو وہ یرغمالیوں کو قتل کرنا شروع کردیں گے۔

تاہم ایک آپریشن میں سیکورٹی فورسز نے تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک اور تمام یرغمالیوں کو بازیاب کرا لیا۔

ایک فوجی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ آپریشن کے دوران 346 یرغمالیوں کو رہا کیا گیا اور 30 سے زائد دہشت گرد مارے گئے۔

Comments

200 حروف