پاکستان اور عمان کے حکام نے سمندری راستوں کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان براہ راست نقل و حمل اور لاجسٹک رابطہ قائم کرنے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ یہ بات دونوں ممالک کی وزارت تجارت کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں بتائی گئی ہے۔
بیان کے مطابق وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے عمان کی وزارت مواصلات، ٹرانسپورٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اپنے عمانی ہم منصب، وزیر سعید بن حمود بن سعید المولی سے ملاقات کی۔
بات چیت کے دوران فریقین نے مواصلات، نقل و حمل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
پاکستانی وزیر نے ان کلیدی شعبوں میں اپنے طبعی اور تکنیکی اثر و رسوخ کو بڑھانے کے لئے دونوں ممالک کی مہارت سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
دریں اثنا عمانی ہم منصب نے اعلان کیا کہ ان کا ملک مواصلات، ٹرانسپورٹ اور آئی ٹی کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات کے طریقہ کار پر کام کرنے کے لیے جلد ہی ایک اعلیٰ سطح وفد پاکستان بھیجے گا۔
المولی نے پاکستان اور عمان کے درمیان عظیم تاریخی، ثقافتی اور سماجی تعلقات پر بھی روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان رابطوں کو مختلف شعبوں میں ٹھوس مشترکہ کوششوں میں تبدیل کیا جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے آئی ٹی کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ سمندری اور فضائی رابطوں کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جس کا مقصد باہمی فائدے کے لئے تجارت، اقتصادی مواقع اور تکنیکی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
Comments