بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ٹرین کو ہائی جیک کرنے کے واقعے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوگا جس میں جعفر ایکسپریس ٹرین واقعہ کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
دورے کے دوران وزیراعظم سیاسی رہنماؤں اور عمائدین سے بھی خطاب کریں گے۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملہ کیا تھا جس میں 21 مسافر اور 4 فرنٹیئر کور (ایف سی) جاں بحق ہوئے تھے۔
منگل کے روز دہشت گردوں نے ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑا دیا اور جعفر ایکسپریس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد یرغمال بن گئے تھے۔
مزید برآں، دہشت گردوں نے یرغمالیوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہوئے کچھ خودکش بمباروں کو ان کے ساتھ تعینات کر رکھا تھا۔
پاکستان میں ایک دہشت گرد تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے کہا ہے کہ اس نے پٹریوں کو دھماکے سے اڑا دیا اور تیزی سے ٹرین کا کنٹرول سنبھال لیا۔
بی ایل اے نے دھمکی دی تھی کہ اگر حکام بلوچ سیاسی قیدیوں، کارکنوں اور لاپتہ افراد کی رہائی کے لیے 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن پوری کرنے میں ناکام رہے تو وہ یرغمالیوں کو قتل کرنا شروع کر دیں گے۔
تاہم ایک آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک اور تمام یرغمالیوں کو بازیاب کرا لیا۔
ایک فوجی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ آپریشن کے دوران 346 یرغمالیوں کو رہا کیا گیا اور 30 سے زائد دہشت گرد مارے گئے۔
Comments