پاکستان

وفاقی وزیر بحری امور کی ڈینش سفیر سے ملاقات،2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

پاکستان اور ڈنمارک کے حکام نے رواں ہفتے بحری شعبے میں ڈنمارک کی 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔...
شائع 13 مارچ 2025 12:52pm

پاکستان اور ڈنمارک کے حکام نے رواں ہفتے بحری شعبے میں ڈنمارک کی 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری اور پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر جیکب لنلف کے درمیان اعلیٰ سطح ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان گزشتہ سال دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت کے تحت 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے پر عمل درآمد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرمایہ کاری کا مقصد پاکستان کے میری ٹائم انفرااسٹرکچر کو جدید بنانا، بندرگاہوں کی کارکردگی کو بڑھانا اور شپنگ اور لاجسٹکس کے شعبے میں پائیدار طریقوں کو فروغ دینا ہے۔ وفاقی وزیر نے اس شراکت داری کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح میری ٹائم ٹیکنالوجی میں ڈنمارک کی مہارت پاکستان کی اقتصادی ترقی اور عالمی تجارتی مسابقت میں کردار ادا کرسکتی ہے۔

اجلاس میں گرین شپنگ، بندرگاہوں کے لیے قابل تجدید توانائی کے حل، اور پاکستان کی سمندری افرادی قوت کو مضبوط بنانے کے لیے تربیتی منصوبوں پر ممکنہ سرمایہ کاری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اقتصادی تعاون کے علاوہ ملاقات میں پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور سیاحت کے فروغ پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔

ڈنمارک کے سفیر جیکب لنلف نے پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں اپنے قدم جمانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور پائیدار اور جدید حل کی حمایت کے لئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر بحری امور نے اس دلچسپی کا خیر مقدم کیا اور ڈنمارک کے سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

فریقین نے مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کو تیز کرنے اور تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی تبادلے میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا جس سے پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان دیرینہ دوستی مضبوط ہوگی۔

Comments

200 حروف