عالمی بینک کی سرمایہ کاری سے ملک میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، وزیراعظم
- ورلڈ بینک کے حالیہ سی پی ایف کے تحت پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی جو خوش آئند ہے، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی بینک کی جانب سے 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ کاری سے ملک کے مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
حال ہی میں عالمی بینک نے 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) کے تحت پاکستان کو 40 ارب ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا جس کا مقصد ملک میں جامع اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ورلڈ بینک کے 9 ایگزیکٹوز سے ملاقات کے دوران کہا کہ ورلڈ بینک کے حالیہ سی پی ایف کے تحت پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کے تعاون سے پاکستان میں قومی ترقی اور تعمیر نو کے لیے کئی بڑے منصوبے تعمیر کیے گئے جنہوں نے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے عالمی بینک کے ساتھ شراکت داری سے فائدہ اٹھایا کیونکہ اس نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد ملک کو مدد فراہم کی اور متعدد ترقیاتی منصوبوں کی حمایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے تحت پاکستان کے نجی شعبے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی جبکہ 20 ارب ڈالر صحت، تعلیم، نوجوانوں کی ترقی اور دیگر شعبوں میں ترقی کے نئے باب کھولنے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں ہماری حکومت کی پالیسیوں پر عالمی بینک کے اعتماد پر شکر گزار ہوں، ملک کا ادارہ سازی اور معاشی اصلاحات کا پروگرام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے جبکہ معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ پائیدار معاشی ترقی کے حصول کے لیے ابھی اہم کام کرنا باقی ہے، معیشت میں بہتری کا سہرا ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔
عالمی بینک کے وفد نے پاکستان کے اصلاحاتی پروگرام کو سراہتے ہوئے اس کے مثبت نتائج کو اجاگر کیا اور اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
عالمی بینک کے وفد نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کا معاشی اصلاحات کی جانب سفر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق عالمی بینک کا وفد اپنے دورے کے دوران سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کرے گا۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے وفد کو پاکستان کی اقتصادی اصلاحات پر پیش رفت سے آگاہ کیا اور کہا کہ مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کم شرح سود کی وجہ سے مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے اور کرپشن پر قابو پانے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں ڈیجیٹائزیشن پر کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ بجلی کے شعبے میں ملک کو خسارے میں کمی کے ساتھ ساتھ بلاتعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے ہم نے سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ماحول پیدا کیا ہے۔ اس منفرد نظام میں تمام اسٹیک ہولڈرز شامل ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments