دنیا

غزہ کے باشندوں کو اپنے گھروں کو واپس جانا چاہیے، یورپی یونین کا اسرائیل سے بات کرنے کا عندیہ

غزہ کے باشندوں کو اپنے گھروں کو واپس جانا چاہیے، یورپی یونین کا اسرائیل سے بات کرنے کا عندیہ
شائع February 17, 2025

یورپی یونین آئندہ ہفتے اسرائیل کو بتانے کا ارادہ رکھتی ہے کہ غزہ کے گھروں سے بے دخل کیے گئے فلسطینیوں کی باعزت واپسی کو یقینی بنایا جائے اور یورپ تباہ حال علاقے کی تعمیر نو میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

یہ بات عربوں کے موقف سے مطابقت رکھتی ہے لیکن صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس بیان کردہ مقصد سے متصادم ہے جس میں امریکہ سے کہا گیا تھا کہ وہ تباہ کردہ ساحلی پٹی پر قبضہ کرے اور اسے ”مشرق وسطیٰ کے ریویرا“ میں تبدیل کرے جبکہ غزہ کے باشندے دوسرے ممالک کی طرف ہجرت کرجائیں۔

یورپی یونین، جو فلسطینیوں کو ایک اہم امداد فراہم کرنے والا ملک رہا ہے، 24 فروری کو برسلز میں یورپی یونین اسرائیل ایسوسی ایشن کونسل کے حصے کے طور پر مجوزہ مذاکرات میں اسرائیلی حکام کے سامنے اپنے موقف کا خاکہ پیش کرے گا جو 2022 کے بعد اس طرح کا پہلا اجلاس ہے۔

یورپی یونین کے مسودے کے موقف کی وضاحت کرنے والی ایک دستاویز میں اسرائیل کی سلامتی کے لئے یورپ کے عزم اور اس کے نقطہ نظر دونوں پر زور دیا گیا ہے کہ غزہ کے بے گھر باشندوں کی اپنے گھروں میں محفوظ اور باوقار واپسی کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یورپی یونین غزہ میں جلد بحالی اورتعمیر نو کے لئے مربوط بین الاقوامی کوششوں میں فعال کردار ادا کرے گی، علاوہ ازیں یورپی یونین نے ان کوششوں کے ساتھ ساتھ غزہ میں متاثرین تک مکمل انسانی امداد کی رسائی کی بھی اپیل کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین اس ناقابل قبول تعداد میں شہریوں، خاص طور پر خواتین اور بچوں، کی اموات پر گہرا دکھ محسوس اور غزہ ، خاص طور پر شمالی علاقے میں، امداد کی ناکافی فراہمی کی وجہ سے پیدا ہونے والی تباہ کن انسانی بحران پر افسوس کا اظہارکرتی ہے۔

فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق غزہ میں اب تک 48 ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں۔ امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ جنگ سے قبل اس کی 2.3 ملین آبادی میں سے زیادہ ترآبادی کو کئی بار بے گھر کیا جا چکا ہے۔

دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ یورپی یونین ان تمام اقدامات کی سختی سے مخالفت کرتی ہے جو دو ریاستی حل کی افادیت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ دستاویز میں یورپی یونین کے اس موقف کا حوالہ بھی دیا گیا ہے کہ فلسطینیوں کو اسرائیل کے ساتھ ایک آزاد وطن ملنا چاہیے۔

Comments

200 حروف