نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے تین ملکی سیریز کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

مڈل آرڈر بلے باز ڈیرل مچل (57) اور ٹام لیتھم (56) کی نصف سنچریوں کی مدد سے کیویز نے 243 رنز کے ہدف کا تعاقب 45.2 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر کیا۔

ڈیون کونوے نے 48 جبکہ کین ولیمسن نے 34 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 8 اوورز میں 43 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ول اوروکے نے 4 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو 242 رنز تک محدود کردیا۔

او روکے نے 43 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور اسپنرز مچل سینٹنرنے 20 رنز اور مائیکل بریسویل نے 38 رنز دے کر 2 ، 2 وکٹیں لیں ، جس کی وجہ سے پاکستان ٹیم ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.3 اوورز میں آل آؤٹ ہو گئی۔

نیشنل اسٹیڈیم کی پچ پر کپتان محمد رضوان نے سب سے زیادہ 76 گیندوں پر 46 رنز بنائے جبکہ سلمان آغا نے 65 گیندوں پر 45 رنز بنائے۔

تین ملکی سیریز کا فائنل میچ چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ کا ڈریس ریہرسل ثابت ہوا، جو بدھ کو انہی ٹیموں کے درمیان اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔

پاکستان نے اوپنر فخر زمان کو چوتھے اوور میں 10 اور سعود شکیل نے 8 رنز پر آؤٹ کیا۔

بابر اعظم نے 29 رنز بنائے جس میں انہوں نے 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ 10 کے انفرادی اسکور پرپہنچ کر انہوں نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اپنے 6 ہزار رنز مکمل کرلئے۔

وہ اپنی 123 ویں اننگز کھیل رہے تھے ، جو جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کے ساتھ مشترکہ طور پر سب سے تیز 6،000 رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے بیٹسمین بن گئے۔

بابر اعظم ناتھن اسمتھ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے جس کے نتیجے میں پاکستان کو 54 رنز کے اسکور پر 3 وکٹوں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

رضوان اور آغا نے بدھ کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ جیتنے والی 260 رنز کی شراکت قائم کی تھی، آج انہوں نے 88 رنز کی شراکت داری کے ساتھ ٹیم کی اننگز بحال کی۔

رضوان نے 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا لیکن وہ اور آغا ایک دوسرے سے 19 رنز کے فرق سے یکے بعد دیگر آؤٹ ہوئے اور یوں پاکستان ٹیم کے بڑے اسکور کی ساری امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔

طیب طاہر نے 33 گیندوں پر 4 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 38 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف (22) اور نسیم شاہ (19) نے 39 رنز جوڑ کر قومی ٹیم کا مجموعی اسکور 240 رنز تک پہنچایا۔

Comments

200 حروف