بھارتی معیشت اپنی مضبوطی اور امکانات کے باوجود تیزی سے بدلتے عالمی اقتصادی ماحول کی پیچیدگیوں کے سبب متعدد چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔

افراط زر کے مستقل دباؤ، بڑھتی بیروزگاری اور کووڈ-19 کے مستقل اثرات نے مقامی بجٹ پر بوجھ اور سپلائی چینز میں خلل ڈالا ہے۔ اس کے علاوہ معیشت کو بنیادی مسائل کا بھی سامنا ہے جس میں آمدنی کی غیر مساوی تقسیم، ناکافی بنیادی ڈھانچہ اور بڑھتا مالیاتی خسارہ شامل ہیں۔

عالمی اقتصادی سست روی، جغرافیائی سیاسی تناؤ اور اجناس کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ نے ان چیلنجز کو پیچیدہ کردیا ہے۔

اس تناظر میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی جانب سے یکم فروری 2025 کو پیش کردہ یونین بجٹ 2025-26 ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش ہے جبکہ یہ پائیدار اقتصادی ترقی، مالیاتی استحکام اور جامع ترقی کے لیے ایک روڈ میپ فراہم کرتا ہے۔

یہ بجٹ اتحادی حکومت کی اقتصادی خودانحصاری، سماجی فلاح و بہبود اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد 1.4 ارب سے زیادہ افراد کی توقعات کو پورا کرنا ہے۔

یونین بجٹ 2025-26 ایک جامع اقتصادی حکمت عملی پیش کرتا ہے جس کا کل حجم 39.4 لاکھ کروڑ بھارتی روہے ہے اور یہ مالیاتی نظم و ضبط، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سماجی فلاح و بہبود پر زور دیتا ہے۔ اس میں زراعت، مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایم ایس ایم ایز)، سرمایہ کاری اور برآمدات کو اقتصادی ترقی کو بنیادی محرکات کے طور پر بیان کیا گیا ہے جس میں ساختی اصلاحات اور مالیاتی دانشمندی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

مالی سال 2025-26 کے لیے مالیاتی خسارے کا تخمینہ جی ڈی پی کا 4.4 فیصد لگایا گیا ہے جو گزشتہ سال کے 5.8 فیصد کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے جس سے پائیدار مالیاتی انتظام کے لیے حکومتی عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ محصولات کی وصولیوں کا تخمینہ 27.3 لاکھ کروڑ روپے لگایا گیا ہے جبکہ سرمائے کی وصولی 16.4 لاکھ کروڑ روپے ہے۔

اسی طرح ریونیو اخراجات کا تخمینہ 34.9 لاکھ کروڑ روپے لگایا گیا ہے جس میں بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری سمیت مؤثر سرمائے کا خرچ 15.5 لاکھ کروڑ روپے ہے۔

یہ رقم دیہی ترقی، سستی رہائش، نقل و حمل اور ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی جیسے اہم شعبوں میں سرمائے کے اخراجات میں اضافے کے ذریعے روزگار اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے پر حکومت کی توجہ کی نشاندہی کرتی ہے۔

بجٹ کی اہم بات یہ ہے کہ اس میں براہ راست اور بالواسطہ ٹیکس کی شرحوں میں ترمیم کے ذریعے متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انکم ٹیکس چھوٹ کی حد بڑھا کر 12 لاکھ روپے کردی گئی ہے جس میں نظر ثانی شدہ ٹیکس سلیب میں سالانہ 24 لاکھ روپے تک کمانے والوں کو ریلیف دیا گیا ہے۔ بجٹ میں بزرگ شہریوں کے لئے ٹیکس کٹوتی کی حد کو 50,000 روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کر دیا گیا ہے جس سے بزرگوں کو اضافی مالی تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

کرایے پر ٹیکس کٹوتی (ٹی ڈی ایس) کی سالانہ حد 2.4 لاکھ روپے سے بڑھا کر 6 لاکھ روپے کردی گئی ہے جس سے ٹیکس دہندگان پر عملدرآمد کا بوجھ کم ہوگیا ہے۔ توقع ہے کہ ان اقدامات سے ڈسپوزایبل انکم، صارفین کے اخراجات اور بچت میں اضافہ ہوگا جس سے معاشی سرگرمی کو فروغ ملے گا۔

کارپوریٹ محاذ پر، کارپوریٹ ٹیکس کی شرحوں میں ایڈجسٹمنٹ کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینا ہے جو حکومت کے ’میک ان انڈیا‘ اقدام کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔

ضروری اشیاء کے لئے گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) کو معقول بنانا صارفین کے لئے قیمتوں کے استحکام کو یقینی بناتا ہے، حالانکہ کچھ اشیاء پر بالواسطہ ٹیکس میں اضافہ ان فوائد کو پورا کرسکتا ہے۔

بجٹ میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بھی خاص زور دیا گیا ہے جس میں دفاع ، تعلیم ، زراعت ، دیہی ترقی اور صحت کی دیکھ بھال جیسے کلیدی شعبوں کے لئے زیادہ رقم مختص کی گئی ہے۔

دفاعی اخراجات 4.91 لاکھ کروڑ روپے ہیں جو قومی سلامتی اور جدیدکاری پر حکومت کی توجہ کی عکاسی کرتے ہیں۔ تعلیم کیلئے 2.66 لاکھ کروڑ روپے مختص ہیں جس میں معیاری تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے کے مقصد سے ڈیجیٹل لرننگ اقدامات کے لئے نئی اسکالرشپس اور فنڈنگ شامل ہیں۔

زرعی شعبے کیلئے 1.71 لاکھ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جس میں کسانوں کو براہ راست نقد منتقلی اور سبسڈی دی گئی ہے تاکہ پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جاسکے۔ دیہی ترقی کیلئے 1.28 لاکھ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ صحت اور سماجی بہبود کے پروگراموں کیلئے بالترتیب 98،311 کروڑ روپے اور 60،052 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جس کا مقصد ضروری خدمات تک کمزور آبادیوں کی مساوی رسائی کو یقینی بنانا ہے۔

پائیدار ترقی کے لئے اہم توانائی کے شعبے کیلئے 81,174 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جس میں قابل تجدید توانائی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے اور درآمدات پر انحصار کم کیا گیا ہے۔ شہری ترقی کے لئے 96,777 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں، جو شہروں کو جدید بنانے اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

مذکورہ بالا کے علاوہ بجٹ میں سرمایہ کاری، روزگار اور جدت طرازی کو فروغ دینے کے لئے متعدد اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔ اربن چیلنج فنڈ ایک لاکھ کروڑ روپے مختص کرنے کے ساتھ بنیادی ڈھانچے کے خلا کو دور کرکے اور پائیدار شہری ترقی کو فروغ دے کر شہروں کو اقتصادی مراکز میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

جل جیون مشن کو 2028 تک توسیع دی گئی ہے جس میں یونیورسل واٹر سپلائی کوریج حاصل کرنے کے لئے اضافی فنڈنگ ملے گی جس سے سب کے لئے پینے کے صاف پانی تک رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ سوامی فنڈ-2، جس کی مالیت 15,000 کروڑ روپے ہے ایک لاکھ ہاؤسنگ یونٹس کی تکمیل میں تیزی لائے گا، رہائش کی کمی کو دور کرے گا اور تعمیراتی شعبے کو فروغ دے گا۔

اس شعبے میں طویل مدتی بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے 25,000 کروڑ روپے کا میری ٹائم ڈیولپمنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے جس سے تجارت اور معاشی ترقی کو فروغ ملے گا جو روزگار کے مواقع پیدا کرنے، جدت طرازی کو فروغ دینے اور بنیادی ڈھانچے کے اہم خلا کو دور کرنے پر حکومت کی توجہ کی عکاسی کرتا ہے۔

بجٹ کی قرض لینے کی حکمت عملی پائیدار مالیاتی انتظام کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ قرضے اور دیگر واجبات کل آمدنی کا 24 فیصد ہیں جو مالی نظم و ضبط کو جاری رکھنے کی ضرورت کو ظاہر کرتے ہیں۔ مارکیٹ سے قرضے بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں کی فنڈنگ کے لیے استعمال کیے جائیں گے، جبکہ قرض کے بوجھ کو کم سے کم رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔

10 لاکھ کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں کی مونیٹائزیشن کے منصوبوں کو متعارف کرانے کا مقصد نئے پروجیکٹوں کے لئے سرمایہ لانا ہے جس سے طویل مدتی اقتصادی توسیع میں مدد ملے گی۔ تاہم اخراجات کی مالی ضروریات کیلئے مارکیٹ کے قرضوں پر انحصار قرضوں کی پائیداری کے بارے میں خدشات پیدا کرتا ہے جو کہ خاص طور پر بڑھتی ہوئی عالمی شرح سود اور کرنسی کے اتار چڑھاؤ کے تناظر میں ہے۔

پائیدار ترقیاتی منصوبوں کی فنڈنگ کے لئے سوویرین گرین بانڈز اور انفراسٹرکچر بانڈز کے ذریعے قرض لینے پر حکومت کا زور ایک مثبت قدم ہے لیکن بیرونی قرضوں پر بڑھتا ہوا انحصار معیشت کو خطرات سے دوچار کرسکتا ہے۔

عام آدمی کے لئے فنانس بل 2025 مواقع اور چیلنجز کا امتزاج پیش کرتا ہے۔ اگرچہ ٹیکس ریلیف کے اقدامات اطمینان بخش ہیں لیکن پرتعیش اشیاء اور کچھ خدمات پر بالواسطہ ٹیکسوں میں اضافے کے منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ جی ایس ٹی میں کمی کی وجہ سے ضروری اشیاء کی لاگت میں کمی آسکتی ہے لیکن ایندھن اور نقل و حمل کے زیادہ اخراجات مجموعی مقامی اخراجات کو متاثر کرسکتے ہیں۔

انفراسٹرکچر اور مینوفیکچرنگ میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے روزگار کے امکانات بہتر ہوسکتے ہیں لیکن افراط زر کے دباؤ اور بڑھتی ہوئی شرح سود سے قوت خرید میں کمی آسکتی ہے۔ دیہی ترقی اور ایم ایس ایم ایز پر حکومت کی توجہ سے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے ، لیکن مؤثر نفاذ کامیابی کی کلید ہوگی۔

ڈیجیٹلائزیشن کے لئے حکومت کے عزم اور فن ٹیک کمپنیوں کے فروغ سے مالی طور پر پسماندہ افراد کو مالی خدمات فراہم کی جاسکتی ہیں، معاشی مواقع میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ بینکاری کے قواعد و ضوابط کو مضبوط بنانے اور نان بینکنگ فنانشل کمپنیز (این بی ایف سی) کی نگرانی کی کوششیں مالی استحکام کو یقینی بنائیں گی۔

تاہم، ان اقدامات کی افادیت کا انحصار مالیاتی حکام کی طرف سے نافذ کردہ ان کے نفاذ اور ریگولیٹری فریم ورک پر ہوگا۔

چونکہ بھارت اپنی معاشی رفتار کو برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ وفاقی بجٹ 2025-26 کی کامیابی مضبوط حکمرانی ، شفاف مالی انتظام اور مجوزہ اصلاحات کو موثر طریقے سے نافذ کرنے کی صلاحیت پر منحصر ہوگی۔

لہٰذا اس بات کو یقینی بنانا کہ اقتصادی ترقی سب کے لئے مساوی مواقع میں تبدیل ہو، بھارت کے مالی مستقبل کی تشکیل میں فیصلہ کن ثابت ہوگی۔ مودی اتحاد حکومت کی 1.4 ارب سے زائد افراد کی توقعات کو پورا کرنے کی صلاحیت اس کی طویل مدتی اقتصادی اصلاحات کے لیے عزم پر منحصر ہوگی، تاکہ ترقی کے فوائد معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچیں۔

Comments

200 حروف