ایران نے اتوار کو تہران میں ایک نئے بیلسٹک میزائل کی تقریب رونمائی کی ہے، حکام کا کہناہے کہ میزائل 1700 کلو میٹر طویل فاصلے تک وار کرنے کا حامل ہے۔ اس تقریب میں ایران کی صدر مسعود پزکشیان بھی موجود تھے۔
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے اس میزائل کی تصاویر نشر کی ہیں جسے فارسی زبان میں ’اعتقاد‘ کا نام دیا گیا ہے اور اس کی رینج کا ذکر کرتے ہوئے اسے ایرانی وزارت دفاع کی جانب سے بنایا گیا ’تازہ ترین بیلسٹک میزائل‘ قرار دیا گیا ہے۔
مغربی ممالک نے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام میں پیش رفت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس پر مشرق وسطیٰ کو غیر مستحکم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
اس جدید ترین ڈیزائن سمیت ایران کے میزائل اپنے روایتی دشمن اسرائیل تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جسے اس نے گزشتہ سال غزہ جنگ کے دوران دو بار نشانہ بنایا تھا۔
ٹی وی پر نشر خطاب میں صدر نے کہا کہ دفاعی صلاحیتوں اور خلائی ٹیکنالوجی کی ترقی کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی ملک ایرانی علاقے پر حملہ کرنے کی جرات نہ کرے۔
تقریب میں مقامی طور پر تیار کردہ تین سیٹلائٹ بھی پیش کیے گئے: تقریبا 34 کلوگرام وزنی مواصلاتی ماڈل جسے نواک کہا جاتا ہے، نیز پارس -1 اور پارس -2 کے تازہ ترین ورژن بھی شامل ہیں۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق یہ دونوں امیجنگ ماڈل ہیں جو موسم، ہنگامی حالات اور شہری انتظام کی نگرانی کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
یہ تقریب ایران کے قومی فضائی دن کے موقع پر منعقد ہوئی اور ایران میں اسلامی جمہوریہ کے قیام کی 46ویں سالگرہ سے چند دن پہلے ہوئی، جو 10 فروری 1979 کو منائی جاتی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی واپسی کے بعد سے ، جنہوں نے اپنے پہلے دور میں ایران پر ”زیادہ سے زیادہ دباؤ“ کی پالیسی اختیار کی تھی ، تہران نے طاقت کے متعدد مظاہرے کیے ہیں جن میں بڑے پیمانے پر فوجی مشقیں اور زیر زمین فوجی اڈے دکھانا شامل ہیں۔
اس نے ہفتے کے روز کروز میزائل کے ایک نئے ماڈل کا بھی انکشاف کیا جسے غدر -380 کہا جاتا ہے ، جس کے بارے میں ایک بحری کمانڈر نے کہا کہ اس میں“اینٹی جیمنگ صلاحیتیں“ ہیں اور اس کی رینج 1,000 کلومیٹر (620 میل) سے زیادہ ہے۔
اس کے ساتھ ہی تہران نے اپنے جوہری پروگرام پر مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے جو کئی دہائیوں سے مغربی ممالک کے ساتھ تناؤ کا موضوع رہا ہے۔
ایران، جو کبھی اپنے فوجی سازوسامان کا بیشتر حصہ اپنے اس وقت کے اتحادی امریکہ سے حاصل کرتا تھا، 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد واشنگٹن کی جانب سے تعلقات منقطع کرنے اور پابندیاں عائد کرنے کے بعد سے اپنے ہتھیار تیار کرنے پر مجبور ہو گیا ہے۔ 1980 اور 1988 کے درمیان عراق کے ساتھ تباہ کن جنگ کے دوران اسلحے کی پابندی کا سامنا کرنے کے بعد ، ایران کے پاس اب مقامی طور پر تیار کردہ ہتھیاروں کا کافی ذخیرہ ہے ، جس میں میزائل ، فضائی دفاعی نظام اور ڈرون شامل ہیں۔
Comments