وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دیدی
- وزیر اعظم ٹاسک فورس کی خود قیادت کریں گے
- اقدام حالیہ کشتی حادثے میں 44 پاکستانیوں کی اموات کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے
وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے۔ یہ بات پرائم منسٹر آفس (پی ایم او) سے جاری بیان میں بتائی گئی ہے۔
وزیر اعظم کی جانب سے یہ اقدام گزشتہ ہفتے ایک کشتی حادثے میں 44 افراد کی ہلاکت کے بعد سامنے آیا ہے۔ یہ حادثہ مغربی افریقہ سے ہسپانوی جزائر کینیری پہنچنے کی کوشش کرنے والے افراد کے ساتھ پیش آیا تھا۔
انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم انسانی اسمگلنگ میں ملوث مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔
بیان کے مطابق پاکستان میں انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی ہے جس کی قیادت وہ خود کریں گے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کی گرفتاریاں تیز کرنے اور وزارت خارجہ سمیت تمام متعلقہ محکموں کو انسانی اسمگلروں کی نشاندہی میں فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ تارکین وطن کی کشتی کو پیش آنے والے حادثے میں پاکستانیوں کی اموات کے دل دہلا دینے والے واقعے پر مجھ سمیت پوری قوم انتہائی رنجیدہ ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ انسانی اسمگلنگ کے 6 منظم گروہوں کی نشاندہی کی گئی ہے، 12 ایف آئی آر درج اور 25 افراد کی نشاندہی کی گئی ہے، 3 اہم ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور 16 افراد کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں ضبط کردہ گاڑیوں، بینک اکاؤنٹس اور اثاثوں کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔
اجلاس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مشتبہ اہلکاروں اور افسران کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں اور اوورسیز انویسٹی گیشن کمیٹی کی رپورٹ سے بھی آگاہ کیا گیا۔
گزشتہ ماہ یونان کے جنوب میں کشتیاں الٹنے سے کم از کم پانچ پاکستانی ہلاک ہو گئے تھے۔
اس سے قبل 2023 میں یونان کے قریب ایک کشتی ڈوبنے سے کم از کم 82 پاکستانی غرقاب ہوگئے تھے۔
Comments