آخری گھنٹوں میں فروخت کے دباؤ کے باوجود کے ایس ای 100 انڈیکس میں 843 پوائنٹس کا اضافہ
- مارکیٹ نے آئندہ مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں 100 بیسس پوائنٹس کی کٹوتی پر نظریں جمائی ہوئی ہیں
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعے کو آخری کاروباری سیشن کا اختتام کے ایس ای 100 انڈیکس نے 843 پوائنٹس کے اضافے سے کیا ہے تاہم آخری گھنٹوں میں فروخت کے دباؤ کے سبب انٹرا ڈے کے دوران ملنے والے کچھ اضافے میں کمی واقع ہوگئی۔
کے ایس ای 100 انڈیکس نے جمعے کے سیشن کا آغاز زبردست خریداری کے ساتھ کیا جس کی بدولت انڈیکس گزشتہ روز کے مقابلے میں 1700 پوائنٹس کے اضافے سے انٹرا ڈے کی بلند ترین سطح 115,779.06 پوائنٹس تک جا پہنچا۔
تاہم آخری سیشن میں فروخت کے باعث ابتدا میں ملنے والے تیزی میں کمی واقع ہوئی اور بینچ مارک انڈیکس کا اختتام 842.70 پوائنٹس یا 0.74 فیصد کے اضافے سے 114,880.49 پوائنٹس پر ہوا۔
انٹرمارکیٹ سیکیورٹیز نے جمعہ کو ایک نوٹ میں کہا کہ مارکیٹ حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں الیکٹرانک جرائم سے متعلق قانون سازی کی منظوری پر مثبت توقعات وابستہ کر سکتی ہے، تاہم تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات بظاہر ناکام ہو چکے ہیں۔
بروکریج ہاؤس نے مزید کہا کہ مارکیٹ کے شرکاء آئندہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے اجلاس میں 100 بیسس پوائنٹس کی کٹوتی پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ جمعرات کو بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس تقریباً 600 پوائنٹس کے اضافے سے 114037.79 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
جمعہ کو عالمی شیئرز میں اضافہ دیکھا گیا جس کی وجہ امریکی سود کی شرح میں کمی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کے بعد امریکہ-چین تجارتی معاہدے کی امیدیں تھیں جب کہ جاپانی بینک کی متوقع شرح سود میں اضافے سے قبل ین مستحکم رہا۔
مستقبل کی پالیسیوں کا اشارہ دیتے ہوئے ٹرمپ نے جمعرات کو ڈیووس سوئٹزرلینڈ میں ورلڈ اکنامک فورم میں کاروباری رہنماؤں سے کہا کہ وہ عالمی تیل کی قیمتوں، سود کی شرح اور ٹیکسوں میں کمی کرنا چاہتے ہیں اور امریکہ کو برآمدات پر محصولات عائد کرنے کا انتباہ دیا۔
ان تبصروں نے مارکیٹوں کو ہلا کر رکھ دیا، ایس اینڈ پی 500 ریکارڈ بلند سطح پر پہنچ گیا اور ڈالر دفاعی پوزیشن پر آگیا کیونکہ سرمایہ کار تجارت اور محصولات کے بارے میں ٹرمپ کے اگلے اقدامات کے بارے میں محتاط ہیں۔
ایم ایس سی آئی کے ایشیا پیسیفک شیئرز کے وسیع ترین انڈیکس، جاپان کے علاوہ، 0.6 فیصد بڑھ گیا، جس کی وجہ چینی اسٹاکس میں اضافہ تھا۔ یہ پیشرفت ٹرمپ کے اس بیان کے بعد ہوئی کہ ان کی صدر شی جن پنگ کے ساتھ حالیہ گفتگو دوستانہ تھی اور انہیں یقین ہے کہ وہ چین کے ساتھ تجارتی معاہدہ کر سکتے ہیں۔
ان تبصروں سے چین کے سی ایس آئی 300 بلیو چپ انڈیکس میں 0.6 فیصد اور ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں 1.7 فیصد اضافہ ہوا۔ ٹرمپ کی جانب سے محصولات پر نرم موقف اختیار کرنے کے اشارے ملنے پر آسٹریلوی اور نیوزی لینڈ ڈالر کے ساتھ یوآن کی قدر میں بھی اضافہ ہوا۔
ٹرمپ کے ٹیرف منصوبوں کے بارے میں کوئی نئی تفصیلات نہ ہونے کی وجہ سے غیر یقینی صورتحال نے بانڈز کی قیمتوں پر اثر ڈالا ہے۔ خزانے کے منافع میں اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ بانڈ سرمایہ کار حتمی ٹیرف کے لئے تیار ہیں جس سے افراط زر میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
دریں اثنا انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.01 فیصد کی کمی واقع ہوئی اور روپیہ 3 پیسے کی کمی کے بعد 278 روپے 75 پیسے پر بند ہوا۔
آل شیئر انڈیکس کا حجم جمعرات کے روز 675.54 ملین سے کم ہو کر 632.04 ملین رہ گیا۔
حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 30.47 ارب روپے سے بڑھ کر 37.80 ارب روپے ہوگئی۔
سنرجیکو پاکستان 61.45 ملین شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہی، اس کے بعد سوئی سدرن گیس 57.68 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے اور ورلڈ کال ٹیلی کام 33.77 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
جمعہ کو 445 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 226 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 167 میں کمی جبکہ 52 میں استحکام رہا۔
Comments