پاکستان کے مرکزی بینک سے توقع کی جارہی ہے کہ وہ پیر کو اپنی کلیدی شرح سود میں کم از کم ایک فیصد کمی کرے گا، تجزیہ کاروں کے مطابق یہ مسلسل چھٹی بار کٹوتی ہوگی کیونکہ مرکزی بینک مہنگائی میں تیزی سے کمی کے ساتھ معاشی اور کاروباری جذبات کو بحال کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

مرکزی بینک نے جون 2024 کے بعد سے شرح سود کو 22 فیصد کی بلند ترین سطح سے 900 بی پی ایس کم کیا ہے، جو ابھرتی ہوئی مارکیٹوں کے مرکزی بینکوں میں سب سے زیادہ جارحانہ کمی میں سے ایک ہے اور جس نے 2020 میں کوویڈ 19 وبا کے دوران 625 بیسز پوائنٹس کی کٹوتی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

رائٹرز کے ذریعے پندرہ تجزیہ کاروں سے کئے گئے سروے میں اکثریت کو توقع ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان شرح سود میں 100 بیسز پوائنٹس (بی پی ایس) کی کمی کرے گا۔ صرف ایک تجزیہ کار نے یہ توقع ظاہر کی ہے کہ بینک شرح سود کو 13 فیصد پر برقرار رکھے گا۔

شرح سود میں کمی کی توقع رکھنے والے 14 تجزیہ کاروں میں سے 11 تجزیہ کاروں کو 100 بی پی ایس کی کمی کی توقع ہے، ایک کو توقع ہے کہ مرکزی بینک شرح سود میں 150 بی پی ایس کمی کرے گا جبکہ دو کو توقع ہے کہ بینک شرح سود میں 200 بی پی ایس تک کمی کرے گا۔

ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلی جنس کے سینیئر ماہر اقتصادیات احمد مبین کا کہنا ہے کہ 150 بی پی ایس کٹوتی کی ان کی پیش گوئی دسمبر میں افراط زر کے کم شرح اور صحت مند کرنٹ اکاؤنٹ کی مدد سے مستحکم شرح تبادلہ کی وجہ سے ہے۔

پاکستان ایک مشکل معاشی بحالی کے راستے پر گامزن ہے اور اسے ستمبر میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی طرف سے 7 بلین ڈالر کی قرض کی حمایت حاصل ہوئی ہے۔

دسمبر میں صارف مہنگائی کی شرح 4.1 فیصد پر آ گئی، جو ساڑھے چھ سال کی کم ترین سطح ہے، جو بڑی حد تک گزشتہ سال کی بلند شرح کی بنیاد پر تھی۔ یہ حکومتی پیش گوئی سے کم اور مئی 2023 میں تقریباً 40 فیصد کی دہائیوں کی بلند ترین سطح سے نمایاں طور پر کم ہے۔

مرکزی بینک نے دسمبر کے اپنے پالیسی بیان میں نوٹ کیا کہ اسے توقع ہے کہ مہنگائی اس سال اپنے پہلے کے اندازے 11.5 فیصد سے 13.5 فیصد کے رینج سے ”نمایاں طور پر نیچے“ رہے گی۔

تاہم اسماعیل اقبال سیکیورٹیز کے تحقیقاتی تجزیہ کار سعد حنیف نے کہا ہے کہ مئی میں مہنگائی میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ گزشتہ سال کے اعداد و شمار کا اثر ختم ہو جائے گا۔

سعد حنیف جو 100 بیسز پوائنٹس کی کٹوتی کی توقع رکھتے ہیں نے مزید کہا کہ یہ دیگر مہنگائی کے خطرات کے علاوہ ہے، جن میں توانائی کی قیمتوں میں اضافہ، نئے ٹیکس اقدامات اور پٹرولیم قیمتوں پر لیوی میں ممکنہ اضافہ شامل ہیں۔

Comments

200 حروف