وزیراعظم شہبازشریف نے بھمبر میں دانش اسکول سسٹم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے آزاد کشمیر اور ملک کے دیگر پسماندہ علاقوں میں مزید دانش اسکول قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا جس کا مقصد تعلیمی سہولتوں سے محروم باصلاحیت اور ذہین بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔

بھمبر میں آزاد کشمیر کے پہلے دانش اسکول سینٹر آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینٹر آف ایکسیلینس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے آزاد کشمیر میں دانش اسکول کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ دانش اسکولوں کا منصوبہ ان کے رہنما اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کا تصور تھا، جو ابتدا میں پنجاب کے کم ترقی یافتہ علاقوں کے باصلاحیت اور ذہین بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا تھا جن کے والدین ان کی تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کے قابل نہیں تھے۔

انہوں نے مزید کہا ہزاروں طلباء دانش اسکول سے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اب مختلف اہم شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ذہین یتیم اور غریب بچوں کو دانش اسکولوں میں داخل کرایا گیا ہے جس سے ملک میں تعلیمی انقلاب آئے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اسکولوں میں بچوں کو مفت کتابیں، کھانا اور رہائش کی سہولیات ملتی ہیں۔ اسی طرح اسکول کی عمارتیں لڑکیوں اور لڑکوں کے لئے مکمل طور پر الگ الگ ہوں گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ نیلم اور آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں میں جلد مزید دانش اسکول کھولے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح گلگت بلتستان، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں بھی جلد مزید دانش اسکول کھولے جائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اسکولوں کے لئے تمام فنڈز وفاقی حکومت ادا کرے گی۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ایک سال کے اندر اسکول کی تعمیر اور آپریشن کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دانشمندانہ اقدامات کی وجہ سے افراط زر کی شرح اور اس کے بعد پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی آئی ہے، اس کے علاوہ برآمدات اور غیر ملکی ترسیلات زر میں بھی قابل ذکر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک نے اپنے 10 سالہ منصوبے میں پاکستان میں مختلف منصوبوں کے لیے 20 ارب ڈالر مختص کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اہم معاشی چیلنجز کو حل کرکے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے، حکومت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ملک ترقی اور خوشحالی نہیں دیکھ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دے رہی ہیں جس کا اعتراف کیا جانا چاہیے، انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بدامنی سے یومیہ تقریبا 190 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ملک کے خلاف سازش کرنے والے ناکام ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام جو اپنی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوگی کہ ان کے بھائیوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم کی سہولیات مل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جب تک کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت نہیں ملتا، ہم اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کشمیری بھائیوں کی حمایت کے لیے پرعزم ہیں۔ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر انوار الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک پسماندہ ضلع بھمبر میں دانش اسکول قائم کر کے علم کی راہ ہموار کی ہے۔

“یہ ان کا کریڈٹ ہے، اور ہم اس عظیم منصوبے کے آغاز کے لئے شکر گزار ہیں. انہوں نے مزید کہا کہ یہ گیم چینجر اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری متحد ہوکر بھارتی ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پروپیگنڈے میں مصروف ہے۔

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے آزاد کشمیر میں دانش اسکول منصوبے کے قیام پر اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں چار دانش اسکول قائم کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کشمیر میں اب دانش اسکولز انیشی ایٹو کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Comments

200 حروف