پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق 10 جنوری کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مڈی میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پرکارروائی کی گئی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے ’خوارج‘ کے ٹھکانے کو موثر طورپر نشانہ بنایا،اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 خارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے، ان میں ’خارجی‘ گروہ کا سرغنہ شفیع اللہ عرف شفیع بھی شامل تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک کئے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جو سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔

بیان کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

Comments

200 حروف