یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے جمعے کے روز کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کے بین گورین ہوائی اڈے پر ایک میزائل داغا ہے۔

یہ نیا دعویٰ صنعاء کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور یمن کے دیگر علاقوں پر اسرائیلی حملوں کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔

حوثی باغیوں کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے تل ابیب اور بحیرہ عرب میں ایک بحری جہاز پر ڈرون بھی داغے ہیں جبکہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت سے عظیم یمنی عوام کے فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم اورحوصلے میں اضافہ ہوگا۔

اس سے قبل جمعے کے روز اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ ’یمن سے داغے گئے ایک میزائل کو اسرائیلی علاقے میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک لیا گیا تھا۔‘ حوثیوں کی جانب سے کیے جانے والے دیگر حملوں پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے جمعرات کو صنعا ہوائی اڈے پر حملہ کیا تھا جہاں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے کہا ہے کہ وہ پرواز کا انتظار کر رہے ہیں۔

حوثیوں کے ایک عہدیدار نے جمعے کے روز بتایا کہ ہوائی اڈے پر کئے گئے حملے میں 4 افراد ہلاک اور تقریبا 20 مسافر اور عملہ زخمی ہو گئے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے کہا کہ زخمیوں میں ان کے طیارے کا ایک عملہ بھی شامل ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے باغیوں کے مبینہ فوجی اہداف کے خلاف یہ حملے حوثیوں کی جانب سے اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملوں کی ذمہ داری قبول کیے جانے کے ایک روز بعد کیے گئے ہیں۔

Comments

200 حروف