دنیا

جنوبی کوریا کے صدر نے مارشل لاء کا اعلان کر دیا

جنوبی کوریا کے صدر نے مارشل لاء کا اعلان کر دیا جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے منگل کے روز ایمرجنسی مارشل لاء کا...
شائع December 3, 2024

جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے منگل کے روز ایمرجنسی مارشل لاء کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام ملک کو ’کمیونسٹ قوتوں‘ سے بچانے کے لیے ضروری ہے۔

یون نے قوم سے ٹیلی ویژن پر براہ راست خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک لبرل جنوبی کوریا کو شمالی کوریا کی کمیونسٹ قوتوں کی طرف سے درپیش خطرات سے بچانے اور ریاست مخالف عناصر کو ختم کرنے کے لئے میں ایمرجنسی مارشل لاء کا اعلان کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حزب اختلاف کی جماعت نے عوام کے روزگار کی کوئی پرواہ نہ کرتے ہوئے صرف مواخذے، خصوصی تحقیقات اور اپنے رہنما کو سزا سے بچانے کی خاطر حکمرانی کو مفلوج کر دیا ہے۔

یہ حیران کن اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یون کی پیپلز پاور پارٹی اور مرکزی اپوزیشن ڈیموکریٹک پارٹی کے درمیان اگلے سال کے بجٹ بل پر اختلافات جاری ہیں۔ حزب اختلاف کے ارکان پارلیمنٹ نے گزشتہ ہفتے پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے بجٹ منصوبے کی منظوری دی تھی۔

یون نے کہا کہ ہماری قومی اسمبلی مجرموں کی پناہ گاہ بن چکی ہے، قانون ساز آمریت کا گڑھ بن چکی ہے جو عدالتی اور انتظامی نظام کو مفلوج کرنا چاہتی ہے اور ہمارے لبرل جمہوری نظام کو ختم کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے حزب اختلاف کے قانون سازوں پر الزام عائد کیا کہ اپوزیشن ارکان ملک میں منشیات کے جرائم سے نمٹنے اور عوامی سلامتی کو برقرار رکھنے جیسے بنیادی کاموں کے لئے مختص ضروری بجٹ میں کٹوتی کر رہے ہیں جن کا مقصد ملک کو منشیات کی آماجگاہ اورامن عامہ سے متعلق تحفظ ختم کرکے افراتفری کی صورتحال پیدا کرنا ہے ۔

یون نے 300 ارکان پر مشتمل پارلیمان میں اکثریت رکھنے والی حزب اختلاف کو حکومت کا تختہ الٹنے کی نیت رکھنے والی ریاست مخالف قوتیں قرار دیا اورمارشل لاء سے متعلق اپنے فیصلے کو ’ناگزیر‘ قرار دیا۔

جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جلد از جلد ریاست مخالف قوتوں سے چھٹکارا حاصل کرکے ملک کو معمول پر لائیں گے۔

Comments

200 حروف