پاکستان

وزیراعظم نے ہنگاموں اورتشدد میں ملوث افراد کی نشاندہی کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دے دی

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں حالیہ دنوں میں افراتفری پھیلانے والوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف موثر کارروائی...
شائع November 29, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں حالیہ دنوں میں افراتفری پھیلانے والوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف موثر کارروائی کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دے دی۔

انہوں نے یہ اعلان جمعہ کے روز وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال پر ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ٹاسک فورس کی سربراہی وزیر داخلہ محسن نقوی کریں گے جس میں وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور سیکورٹی فورسز کے نمائندے شامل ہوں گے۔

ٹاسک فورس گزشتہ اتوار کو افراتفری پھیلانے اور پرتشدد واقعات میں ملوث مسلح افراد کی شناخت کو یقینی بنائے گی تاکہ انہیں قانون کے مطابق مثالی سزا دی جا سکے۔

وزیر اعظم نے ملک میں آئندہ افراتفری اورانتشار پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش روکنے کے لئے فیڈرل اینٹی رائٹس فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیڈرل اینٹی رائٹس فورس بین الاقوامی معیار کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور سازوسامان سے لیس ہوگی۔

اجلاس میں فیڈرل فرانزک لیب کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کی تحقیقات اور شواہد جمع کرنے کے لئے فیڈرل فرانزک لیب میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔

اجلاس میں اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کو جدید بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیڈرل پراسیکیوشن سروس کو مضبوط بنانے اور افرادی قوت بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

Comments

200 حروف