وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
دنیا بھر میں فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ فلسطینی عوام نہ ختم ہونے والے قتل عام کا سامنا کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین میں بے گناہ مردوں، عورتوں اور بچوں کا بے دریغ قتل عام کیا ہے۔
اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فوری جنگ بندی اور فلسطینی عوام کی نسل کشی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے عوام کی آزادی، وقار اور انصاف کے لیے ان کی جائز جدوجہد کیلئے یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
عالمی ضمیر ان لاکھوں لوگوں کی حالت زار کو نظر انداز نہیں کر سکتا جو اسرائیلی قبضے کی وجہ سے بے مثال مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ مسلسل قبضے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی خطے میں امن کے حصول کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج کے حملوں میں غزہ کی پٹی میں کم از کم 26 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جبکہ اسرائیلی فورسز نے وسطی علاقوں اور ٹینکوں پر بمباری تیز کر دی ہے۔
اسرائیل نے کم از کم تقریبا 44,200 افراد کو شہید اور تقریبا تمام آبادی کو بے گھر کیا ہے۔
Comments