لبنان کے دارالحکومت بیروت کے سرکاری اسپتال کے قریب اسرائیل کی تازہ فضائی کارروائی کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 13 افراد شہید اور 57 زخمی ہوگئے۔

لبنان کی وزارت صحت نے منگل کو کہا ہے کہ گزشتہ رات جنوبی بیروت کے ایک اسپتال کے قریب اسرائیلی حملے میں ایک بچے سمیت 13 افراد شہید ہو گئے ۔

شہر سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع رفیق حریری اسپتال کے قریب ہونے والے حملے میں 57 افراد زخمی بھی ہوئے۔

علاقے میں موجود اے ایف پی کے نامہ نگار نے بتایا کہ حملے میں جنہ کے پڑوس میں واقع اس ادارے کو معمولی نقصان پہنچا جب کہ اس کے قریب چار عمارتیں مکمل طور پر منہدم ہوگئیں۔

منگل کو امدادی کارکن ملبے کے نیچے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے تھے، نمائندے نے بتایا کہ انہوں نے کنکریٹ کے بڑے ٹکڑوں کے نیچے ایک موبائل فون کی گھنٹی بجنے کی آواز سنی۔

یہ حملہ پیر کی شب ہوا جب اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافات میں بھاری بمباری کی، جس کے بعد انخلا کے لیے انتباہات جاری کیے گئے تھے۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (این این اے) نے خبر دی ہے کہ جنگ کے دوران پہلی بار جنہ سے چند منٹ کے فاصلے پر اوزئی علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔

تاہم رفیق حریری اسپتال کے آس پاس کے علاقے کے لیے کوئی انتباہ جاری نہیں کیا گیا ہے، جو گنجان آباد ہے۔

لبنان کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان تقریبا ایک ماہ سے جاری جنگ میں لبنان میں کم از کم 1489 افراد شہید ہوچکے ہیں۔

لبنانی حکام کے مطابق اس نے 10 لاکھ سے زائد افراد کو بے گھر کیا ہے اور ہزاروں افراد سرحد پار کر کے ہمسایہ ملک شام چلے گئے ہیں۔

اوزائی اور جنہ پر حملوں کے نتیجے میں رہائشیوں کی نقل مکانی شروع ہوگئی ہے جس سے بے گھر افراد کو پناہ دینے کے لئے جدوجہد کرنے والی پناہ گاہوں پر مزید دباؤ بڑھ گیا۔

Comments

200 حروف