پاکستان کے بجلی کے شعبے میں اصلاحات پر تین دہائیوں سے بات چیت ہو رہی ہے، جس کا مقصد ایک اجارہ داری پر مبنی سنگل خریدار ماڈل سے ایک مسابقتی، کثیر خریدار، کثیر فروخت کنندہ مارکیٹ میں منتقلی ہے۔

مارکیٹ پر مبنی اصلاحات متعارف کرانے کا ابتدائی تصور 1992 میں ”اسٹریٹجک پلان“ کے طور پر سامنے آیا، جس میں بجلی کے شعبے کی تقسیم، کارپوریٹائزیشن اور بالآخر نجکاری کا خاکہ پیش کیا گیا۔

یہ اصلاحات حکومت کے کنٹرول والے نظام کو مسابقت، کارکردگی، اور شفاف قیمتوں پر مبنی نظام میں منتقل کرنے کے لیے تھیں۔ تاہم، اس ابتدائی وعدے کے باوجود، 2024 میں بھی پاکستان بجلی کے شعبے میں بری کارکردگی کا شکار ہے، اصلاحات رک چکی ہیں اور بجلی کی مارکیٹ تعطل کا شکار ہے۔

اصلاحات کی جانب پہلا بڑا قدم 1997 میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے قیام کے ساتھ اٹھایا گیا تھا۔ نیپرا کے مشن بیان میں بجلی کی فراہمی کے لیے ”محفوظ، قابل اعتماد، سستی، جدید، موثر اور مارکیٹ پر مبنی ماحول“ پیدا کرنے پر زور دیا گیا۔

تاہم، نیپرا کے مینڈیٹ میں طے کردہ بلند مقاصد کو عملی طور پر حاصل کرنا مشکل ثابت ہوا ہے۔ اگرچہ ریگولیٹری ادارے نے اس شعبے کی نگرانی اور مارکیٹ اصلاحات کے لیے بنیادیں فراہم کرنے میں اہم پیش رفت کی ہے، لیکن وہ مسابقتی مارکیٹ جس کو ریگولیٹ کرنا تھا، اب بھی ایک دور کا خواب ہے۔

2000 کی دہائی کے اوائل میں مسابقتی تجارتی باہمی معاہدے کی مارکیٹ (سی ٹی بی سی ایم) کا تصور بجلی کی مارکیٹ میں مسابقت متعارف کرانے کے ایک ذریعہ کے طور پر سامنے آیا۔

سی ٹی بی سی ایم کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا تھا کہ بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں براہ راست تقسیم کار کمپنیوں یا بڑے صارفین کو باہمی معاہدوں کے ذریعے بجلی فروخت کر سکیں، جس میں قیمتوں کا تعین حکومتی ہدایات کے بجائے مارکیٹ کے عوامل کے ذریعے ہو۔ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کو 2012 تک اس ماڈل کو تیار اور لاگو کرنے کا کام سونپا گیا تھا، لیکن ایک دہائی سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود، مارکیٹ ابھی تک مکمل طور پر ترقی یافتہ نہیں ہوسکی ہے۔

2022 میں، امید کی ایک کرن نظر آئی جب نیپرا نے سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی-گارنٹیڈ (سی پی پی اے-جی) کو مارکیٹ آپریٹر کا لائسنس دیا اور مارکیٹ کمرشل کوڈ (ایم سی سی) کی منظوری دی، جس میں سی پی پی اے-جی کو اسے چھ ماہ کی مدت میں ٹیسٹ اور لاگو کرنے کا حکم دیا۔

نیپرا نےاین ٹی ڈی سی کو سسٹم آپریٹر کا لائسنس بھی دیا اور پرائیویٹ پاور اینڈ انفراسٹرکچر بورڈ (پی پی آئی بی) اور متبادل توانائی ترقیاتی بورڈ (اے ای ڈی بی) کی درخواستوں کو سی ٹی بی سی ایم کو آسان بنانے کے لیے آزاد نیلامی منتظمین کے طور پر قبول کرنا شروع کیا۔ یہ اقدامات مسابقتی ہول سیل بجلی کی مارکیٹ کے قیام کی جانب طویل انتظار کے بعد کی گئی پیش رفت کی علامت تھے۔

تاہم، ان اصلاحات پر عمل درآمد میں متعدد چیلنجز کا سامنا رہا، جن میں سب سے اہم اہم فریقین کے درمیان مفادات کا ٹکراؤ ہے۔ نیپرا نے سی ٹی بی سی ایم متعارف کرانے اور اس کا انتظام کرنے کے لیے سرکاری اداروں جیسے سی پی پی اے-جی اور این ٹی ڈی سی پر بہت زیادہ انحصار کیا ہے۔

یہ کمپنیاں سنگل خریدار ماڈل کے تحت ڈیزائن اور چلائی گئیں اور ان کا ادارہ جاتی ڈھانچہ مارکیٹ کی تبدیلی کے لیے تیار نہیں رہا جو مسابقتی تجارت کو لاگو کرنے کے لیے درکار تھی۔

پچھلے ہفتے اصلاحاتی کوششوں نے ایک اہم موڑ لیا جب کابینہ کی توانائی کمیٹی نے ایک نئی کمپنی، انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر (آئی ایس ایم او) کے قیام کی منظوری دی۔ یہ نئی کمپنی پاکستان میں بجلی کی فروخت اور خریداری کے لیے ایک آزاد پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔

مارکیٹ آپریٹر کا کردار، جو پہلے سی پی پی اے-جی کے پاس تھا، اور سسٹم آپریٹر کا کردار، جو پہلے این ٹی ڈی سی کے زیر انتظام تھا، اب آئی ایس ایم او کو منتقل کر دیا جائے گا۔ آئی ایس ایم او کا قیام بالآخر تعطل کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، کیونکہ توقع ہے کہ یہ اس شعبے کو متاثر کرنے والے مفادات کے ٹکراؤ سے آزاد ہو کر کام کرے گا۔

تاہم، آئی ایس ایم او کا قیام ایک قدم آگے نظر آنے کے باوجود، یہ گزشتہ تین دہائیوں میں کی گئی پیش رفت کی ایک بڑی تنزلی کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔ بجلی کی مارکیٹ کا انتظام کرنے کے لیے ایک اور سرکاری ادارے (ایس او ای) کے قیام سے حکومت کی مارکیٹ پر مبنی حقیقی اصلاحات کو نافذ کرنے کی صلاحیت پر خدشات پیدا ہوتے ہیں۔

ایس او ایز پر انحصار اکثر غیر موثر رہا ہے، اور آئی ایس ایم او کے اپنے مینڈیٹ کو پورا کرنے کی صلاحیت کے بارے میں شبہات ہیں کہ آیا یہ پچھلی اصلاحاتی کوششوں میں رکاوٹ بننے والی بیوروکریسی اور سیاسی پابندیوں میں الجھے بغیر اپنے مقاصد حاصل کر سکے گا۔

معاملات مزید سنگین ہو سکتے ہیں کیونکہ پاکستان کا بجلی کا شعبہ عدم کارکردگی، زیادہ قیمتوں، بار بار بجلی کی بندش اور ناقابل اعتماد فراہمی کا شکار ہے۔

مسابقتی مارکیٹ کی عدم موجودگی کی وجہ سے صارفین کو بجلی کے لیے زیادہ قیمتیں ادا کرنی پڑ رہی ہیں، جبکہ بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کرنے والی کمپنیاں غیر موثر طور پر کام کرتی ہیں اور انہیں مارکیٹ کے دباؤ سے بچایا جاتا ہے۔ حکومت کی ضروری اصلاحات کو آگے نہ بڑھا سکنے کی وجہ سے نہ صرف معیشت کو اربوں کا نقصان ہوا ہے بلکہ مسابقتی مارکیٹ کے فوائد جیسے کہ کم قیمتیں، بہتر کارکردگی، اور زیادہ جدت کا حصول بھی تاخیر کا شکار ہے۔

پاکستان کی بجلی کی طلب آئندہ برسوں میں بڑھنے کی پیش گوئی ہے، اور ملک اس اسٹیٹس کو میں پھنسے رہنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ معنی خیز اصلاحات کے بغیر، بجلی کا شعبہ قومی معیشت پر بوجھ بنا رہے گا اور ترقی و خوشحالی کو روکے گا۔

آئی ایس ایم او کا قیام، اگرچہ ایک اہم قدم ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ مارکیٹ کے اصولوں کے لیے ایک حقیقی عزم کی بھی ضرورت ہے۔ اس کا مطلب ہے نجی شعبے کی شرکت کی اجازت دینا، بجلی پیدا کرنے والوں کے درمیان مسابقت کی حوصلہ افزائی کرنا، اور یہ یقینی بنانا کہ صارفین کو شفاف قیمتوں کے نظام کے ذریعے سستی بجلی تک رسائی حاصل ہو۔

آخر میں، پاکستان میں سنگل خریدار ماڈل سے مسابقتی بجلی مارکیٹ میں طویل عرصے سے مطلوبہ منتقلی ایک پیچیدہ سفر رہا ہے۔ ابتدائی امنگوں اور دہائیوں کی کوششوں کے باوجود، ملک خود کو دوبارہ ابتدائی مرحلے میں پاتا ہے، جہاں اصلاحات کا وعدہ ابھی تک پورا نہیں ہو سکا۔

آئی ایس ایم او کا قیام امید کی ایک کرن پیش کرتا ہے، لیکن وقت ہی بتائے گا کہ آیا یہ نیا ادارہ آخرکار غیر مؤثر نظام کا خاتمہ کر سکتا ہے اور ایک مسابقتی، مارکیٹ پر مبنی بجلی کا شعبہ فراہم کر سکتا ہے۔ حکومت کو فیصلہ کن اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اصلاحاتی عمل کا یہ نیا باب ایک اور موقع ضائع نہ ہو۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024.

Comments

200 حروف