اسلام آباد اور راولپنڈی میں راستوں کی بندش کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) نے مسافروں کے لئے پیغام جاری کردیا۔
ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) نے جمعہ کو کہا ہے کہ اس کی تمام سروسز آپریشنل ہیں، یہ بیان راولپنڈی / اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج سے قبل سامنے آیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اندرون و بیرون ملک فضائی آپریشن اپنے شیڈول کے مطابق جاری ہے۔
تاہم قومی ائرلائن کا کہنا ہے کہ مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنی پرواز کے وقت سے پہلے ہی ائرپورٹ پہنچ جائیں۔
انہوں نے مسافروں سے یہ بھی درخواست کی کہ وہ ائرپورٹ کی طرف سفر کرتے ہوئے متبادل اور کھلے راستوں سے متعلق آگاہی حاصل کرکے نکلیں۔
مزید برآں، جمعہ کو پاکستان بھر کے صارفین نے موبائل براڈ بینڈ سے منسلک ہونے کے دوران واٹس ایپ میں خلل کی اطلاع دی۔
آؤٹ لوڈ ٹریکنگ ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر نے بھی تصدیق کی ہے کہ صارفین موبائل ڈیٹا سے منسلک رہتے ہوئے ایپ تک رسائی حاصل کرنے سے قاصر ہیں ، لیکن وائس میسجزاور ویڈیو فائلیں وائی فائی کنیکشن کے ذریعے بھیجی اور دیکھی جاسکتی ہیں۔
دریں اثنا پی ٹی آئی نے پارٹی کے بانی عمران خان کی کال پر آج ڈی چوک پر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان کے ہزاروں حامیوں کے ساتھ ڈی چوک پہنچیں گے، چاہے کتنے ہی دن لگ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی پرامن احتجاج کرنے جارہی ہے اور اگر کسی نے مظاہرین کو ڈی چوک پر ریلی نکالنے سے روکنے کی کوشش کی تو شہری انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہم پرامن مظاہرین ہیں اور ہم ڈی چوک پہنچیں گے کیونکہ یہ ہمارے رہنما عمران خان کی کال ہے۔
Comments