مارکٹس

اسٹاک ایکسچینج: پالیسی ریٹ میں کمی کی توقعات کے باعث خریداری کا رجحان

  • اسٹیٹ بینک کی جانب سے ٹی بلز کی دوبارہ خریداری ایکویٹی مارکیٹ کے لیے مثبت علامت قرار
شائع October 1, 2024 اپ ڈیٹ October 1, 2024 01:37pm

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منگل کو کاروبار کے ابتدائی سیشن کے دوران خریداری کا رجحان دیکھا گیا۔

دوپہر ڈیڑھ بجے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 601.04 پوائنٹس یا 0.74 فیصد اضافے سے 81,715.24 پوائنٹس پر جاپہنچا۔

آٹوموبائل، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور او ایم سیز سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔ پی ایس او، پی پی ایل، او جی ڈی سی، ایچ سی اے آر اور آئی این ڈی یو سمیت انڈیکس ہیوی اسٹاک میں مثبت رجحان رہا۔

اسماعیل اقبال سیکیورٹیز کے تجزیہ کار سعد حنیف نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے ٹی بلز کی دوبارہ خریداری ایکویٹی مارکیٹ کے لیے مثبت علامت ہے۔

تجزیہ کار نے کہا کہ افراط زر کی شرح 7 سے 7.5 فیصد تک رہنے کی توقع ہے، مارکیٹ آنے والے مہینوں میں پالیسی ریٹ میں مزید کمی کی توقع کررہی ہے۔

حکومت نے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے پیر کو ٹی بل بائی بیک پروگرام کا آغاز کیا جس کے تحت 500 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 351 ارب روپے مالیت کے ٹی بلز کی دوبارہ خریداری کی گئی۔

عارف حبیب لمیٹڈ نے ایک نوٹ میں کہا کہ اس جرات مندانہ اقدام سے توقع ہے کہ حکومت کے قرضوں کو اسٹریٹجک طور پر دوبارہ پورا کیا جائے گا، جو طویل مدت کی طرف منتقل ہوگا جب کہ قرضوں کی ادائیگی کے اخراجات کا بوجھ بھی کم ہوگا۔

ایک اور اہم پیش رفت میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو مالی سال 25-2024 کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران 87 ارب روپے سے زائد کے بڑے شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑا۔

بجٹ (2024-25) میں 1800 ارب روپے کے ٹیکس اقدامات کے باوجود ایف بی آر رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے لیے مقرر کردہ 2539 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں صرف 2452 ارب روپے جمع کرنے میں کامیاب رہا۔

یاد رہے کہ پیر کو کے ایس ای 100 انڈیکس 177.93 پوائنٹس یا 0.22 فیصد کمی سے 81114.20 پر بند ہوا۔

عالمی سطح پر منگل کو ایشیائی حصص کی قیمتوں میں ڈھائی سال کی بلند ترین سطح کے قریب کمی واقع ہوئی اور فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاول کے سخت بیانات کے بعد امریکی ڈالر مستحکم ہوا۔

جاپان سے باہر ایشیا پیسیفک کے حصص کا ایم ایس سی آئی کا وسیع ترین انڈیکس منگل کو 0.13 فیصد کمی کے ساتھ 620.05 پر تھا، جو پیر کو ڈھائی سال کی بلند ترین سطح 627.66 سے کچھ ہی نیچے تھا۔

سال میں اب تک انڈیکس میں 17 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جاپان کے نکی میں پیر کو 4.8 فیصد کی کمی کے بعد ابتدائی کاروبار کے دوران 1.5 فیصد اضافہ ہواہے ۔

Comments

200 حروف