زیادہ فروخت کے باوجود پاکستان کے سب سے بڑے ٹیکسٹائل برآمد کنندگان میں سے ایک انٹرلوپ لمیٹڈ (آئی ایل پی) کا منافع 30 جون 2024 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران 18 فیصد سے زائد کمی کے بعد 16.46 ارب روپے رہا۔

جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے نوٹس کے مطابق کمپنی نے گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 20.17 ارب روپے کا مجموعی منافع حاصل کیا تھا۔

اس عرصے کے دوران فی حصص آمدنی کم ہو کر 11.78 روپے رہ گئی جو گزشتہ برس کے اس عرصے میں 14.39 روپے تھی۔

کمپنی نے 30 جون 2024 کو ختم ہونے والے سال میں 2.5 روپے فی حصص یعنی 25 فیصد کے حتمی نقد منافع کا بھی اعلان کیا۔ یہ 2 روپے فی حصص یعنی 20 فیصد کے عبوری نقد منافع کے علاوہ تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے ایک نوٹ میں کہاکہ کم مجموعی مارجن اور زیادہ مالی اخراجات کی وجہ سے آمدنی صنعت کی توقعات سے کم ہے۔

اس عرصے کے دوران ٹیکسٹائل کمپنی کی خالص فروخت تقریبا 33 فیصد اضافے کے ساتھ 158.18 ارب روپے رہی جو گزشتہ سال 119.2 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔

مالی سال 24 میں انٹرلوپ کا مجموعی منافع 11 فیصد اضافے کے ساتھ 44.17 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ تاہم کمپنی کے منافع کا مارجن کم ہو کر 27.9 فیصد رہ گیا جبکہ گزشتہ برس کے اسی عرصے میں یہ شرح 33.4 فیصد تھی۔

دوسری جانب کمپنی کے آپریٹنگ اخراجات میں سالانہ بنیادوں پر 32 فیصد اضافہ ہوا جو مالی سال 24 میں 17.05 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

ٹیکسٹائل برآمد کنندہ کی ’دیگر آمدن‘ میں 324 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا اور یہ مالی سال 24 میں 670.83 ملین روپے تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ برس کے اسی عرصے میں یہ 158.24 ملین روپے تھی۔

مالی سال 24 میں اس کی فنانس لاگت 84 فیصد اضافے کے ساتھ 10.16 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ یہ اضافہ اس وقت ہوا ہے جب سال کے دوران شرح سود میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

نتیجتا مالی سال 24 میں قبل از ٹیکس منافع 18.49 ارب روپے رہا جبکہ گزشتہ برس کے اسی عرصے میں یہ 21.58 ارب روپے تھا جو 14 فیصد سے زائد کمی ہے۔

1992 میں قائم ہونے والی کمپنی انٹرلوپ 2019 میں اسٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ ہوئی تھی۔

یہ کمپنی جو ہوزری، ڈینم، بنے ملبوسات اور ایکٹو ویئر تیار کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، یہ ٹیکسٹائل گاہکوں کے لئے دھاگے تیار کرتا ہے. یہ پاکستان میں سب سے بڑی برآمد کنندہ کمپنیوں میں سے ایک ہے اور پی ایس ایکس میں سب سے بڑی لسٹڈ کمپنیوں میں سے ایک ہے۔

اس کے تمام پلانٹس صوبہ پنجاب میں واقع ہیں۔

Comments

200 حروف