پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے 25 ستمبر کی رات کو شمالی وزیرستان کے ضلع رزمک کے عام علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران فوجیوں اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 8 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر خارجیوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جا ری ہے کیونکہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کا صفایا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
20 ستمبر کو شمالی اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں ہونے والے دو مقابلوں میں 12 خوارج مارے گئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپنوم میں پاک افغان سرحد میں دراندازی کی کوشش کرنے والے 7 دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا لیا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دراندازوں کو گھیر لیا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام سات خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔
دوسرا مقابلہ جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں ہوا۔
خوارج کے ایک گروپ نے سیکورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا۔ فوجیوں نے بہادری سے مقابلہ کیا، دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا اور پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران چھ فوجی بھی شہید ہوئے۔
Comments