پاکستان کی معیشت مستحکم راستے پر گامزن ہے، سربراہ آئی ایم ایف
- پاکستان کو اصلاحات کے ساتھ آگے بڑھنے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، کرسٹالینا جارجیوا
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات کے باعث پاکستان کی معیشت مستحکم راستے پر گامزن ہے۔
آئی ایم ایف کی سربراہ نے کہا کہ ہم نے پروگرام کا جائزہ بہت کامیابی سے مکمل کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرنا چاہتی ہوں کہ انہوں نے اندرون ملک طے شدہ اصلاحات کے ساتھ آگے بڑھنا شروع کیا اور وہ اس کے ثمرات آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقی بڑھ رہی ہے، افراط زر میں کمی آئی ہے اور معیشت مستحکم راستے پر گامزن ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیویارک میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کیا، جس سے قبل آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے 37 ماہ کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) معاہدے کی منظوری دیدی تھی۔
اس سے قبل پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کی ٹیم نے 12 جولائی کو ای ایف ایف پر عملے کی سطح کا معاہدہ کیا تھا۔ اس پروگرام کا مقصد میکرو اکنامک استحکام کو مستحکم کرنے اور زیادہ جامع ترقی کے لئے حکام کی کوششوں کی حمایت کرنا ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اصلاحات سے پاکستان کی غریب آبادی کو فائدہ پہنچے گا تو جارجیوا نے کہا: ’مجھے لگتا ہے کہ ایسا ہو رہا ہے، حکومت کا مقصد امیروں سے ٹیکس اکٹھا کرنا ہے اور غریبوں کی مدد کے لیے بے نظیر سماجی پروگرام کو مضبوط بنایا جارہا ہے۔
اس سے قبل ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے تحت طے شدہ اصلاحاتی ایجنڈے سے پاکستان میں ترقی کی رفتار تیز ہونے کا امکان ہے۔
ستمبر کے لیے ایشین ڈویلپمنٹ آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کی معاونت سے ایک جامع اقتصادی اصلاحاتی پروگرام سے شرح نمو میں اضافے کا امکان ہے، توقع ہے کہ 2.8 فیصد کی معتدل شرح نمو ہوگی اور مالی سال 2025 میں افراط زر میں کمی آئے گی۔
ایشیائی بینک نے کہا کہ نجی سرمایہ کاری کو زیادہ سازگار میکرو اکنامک حالات بشمول زرمبادلہ تک آسان رسائی کے ساتھ بحال ہونا چاہئے۔ اس سے مینوفیکچرنگ اور خدمات کے شبعے کو بھی فائدہ ہوگا۔
Comments