پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا اور پاک فوج کی اعلیٰ سطح کی تیاریوں، جوانوں کے غیر معمولی حوصلے اور مقامی آبادی کے تعاون کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کو موجودہ سیکورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ملک کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں خاص طور پر کے پی پولیس کی استعداد کار کو بہتر بنانے کے لئے ان کی مستقل معاونت اور تکنیکی معاونت جاری رکھے گی۔
جنوبی وزیرستان انٹیگریٹڈ ڈیولپمنٹ پلان کے حصے کے طور پر آرمی چیف نے امن و امان برقرار رکھنے اور مختلف منصوبوں کو آگے بڑھانے میں خیبر پختونخوا کے رہائشیوں کے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا۔
یہ دورہ شمالی اور جنوبی وزیرستان میں چھ فوجی اہلکاروں کی شہادت کے چند روز بعد ہو رہا ہے۔
اگست میں جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں چار جوان شہید ہو گئے تھے۔
Comments