لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کو آئی ایس آئی کا سربراہ مقرر کر دیا گیا
- آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنرل عاصم ملک 30 ستمبر کو اپنا عہدہ سنبھالیں گے
پی ٹی وی نیوز کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کردیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جنرل عاصم ملک 30 ستمبر کو اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔ وہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی جگہ لیں گے۔
اکتوبر 2021 میں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا تھا۔
اس کے بعد جنرل عاصم ملک کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کے ساتھ ساتھ فوج کا ایڈجوٹنٹ جنرل بھی مقرر کیا گیا تھا۔
نئے ڈی جی آئی ایس آئی امریکہ میں فورٹ لیون ورتھ اور لندن کے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز سے فارغ التحصیل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل عاصم ملک اس وقت راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز میں ایڈجوٹنٹ جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل عاصم ملک بلوچستان انفنٹری ڈویژن میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کی کمان بھی کر چکے ہیں۔
نئے ڈی جی آئی ایس آئی کو ان کے کورس میں اعزازی تلوار سے بھی نوازا گیا۔
Comments