پاکستان

پاکستان ریونیو آٹومیشن بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری

  • تجویز ریونیو ڈویژن پیش کی ، منظوری کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی انٹرپرائزز کے اجلاس میں دی گئی
شائع September 21, 2024

کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی انٹرپرائزز (سی سی او ایس او ایز) نے پاکستان ریونیو آٹومیشن (پی آر اے ایل) لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او ڈی) کی تشکیل نو کی منظوری دے دی۔

یہ منظوری سی سی او ایس او ایز کے اجلاس کے دوران دی گئی جس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فنانس ڈویژن میں کی۔

فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ریونیو ڈویژن کی جانب سے پی آر اے ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی تجویز پر غور کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں انٹرپرائزز (گورننس اینڈ آپریشنز) ایکٹ 2023 کے سیکشن 10 کے سیکشن (1) کے تحت بورڈ نامزدگی کمیٹی کی جانب سے 5 اکثریتی آزاد ڈائریکٹرز اور چار عہدیدار ممبران کی سفارشات پر غور کیا گیا۔

واضح رہے کہ 1994 میں قائم ہونے والا پی آر اے ایل ایف بی آر کو ٹیکنالوجی پر مبنی حل فراہم کرنے کا ذمہ دار ہے اور ملک کے ٹیکس وصولی نظام کو خودکار بنانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

دریں اثناء اجلاس کے دوران کمیٹی کو بتایا گیا کہ آزاد ڈائریکٹرز کے عہدوں کیلئے تجویز کردہ تمام پانچ ممبران کا تعلق نجی شعبے سے ہے اور وہ اعلیٰ انتظامی عہدوں پر متعلقہ تجربہ رکھتے ہیں۔

فنانس ڈویژن کا کہنا تھا کہ اجلاس میں سمری پر غور کیا گیا اور اس تجویز کی بھرپور حمایت کی گئی۔

دریں اثناء وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بورڈ میں آزاد ڈائریکٹرز کی اکثریت رکھنے کے اقدام کو سراہا اور بورڈ کو پیشہ ورانہ طور پر چلانے کے لئے ایس ایم ای سیکٹر سے ممتاز پیشہ ور افراد کے انتخاب کی تعریف کی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا بورڈ پی آر اے ایل کی مضبوط نگرانی اور اچھے انتظام کا مشاہدہ کرنے کے قابل ہوگا تاکہ ریونیو پیدا کرنے کے اہداف کے حصول میں مدد مل سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) عاکف سعید، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

Comments

200 حروف