پاکستان کے مالیاتی پلیٹ فارم ٹی پی ایل کارپوریشن لمیٹڈ (ٹی پی ایل) اور ابھی (پرائیویٹ) لمیٹڈ (ابھی) نے مشترکہ طور پر فنکا مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ کو حاصل کرنے کیلئے فنکا مائیکرو فنانس کوپرآٹیف یو اے کے ساتھ شیئر پرچیز ایگریمنٹ (ایس پی اے) کیا ہے۔

ٹی پی ایل کارپوریشن، جو کہ ٹی پی ایل گروپ کی سرمایہ کاری ہولڈنگ کمپنی ہے، نے جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

نوٹس میں کہا گیا کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد ٹی پی ایل اور ابھی نے مشترکہ طور پر فنکا مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ کو حاصل کرنے کے لیے فنکا مائیکرو فنانس کمپنی یو اے کے ساتھ دیگر حتمی معاہدوں کے ساتھ ایس پی اے کیا ہے۔

فنکا مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ کو 26 جون 2008 کو کمپنیز آرڈیننس 1984 کے تحت پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔

بینک نے 12 اگست 2008 کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) سے بینکنگ کاروبار کے لئے کمپنی چلانے کا لائسنس حاصل کیا۔

دریں اثنا، ٹی پی ایل نے اسٹاک ایکسچینج کو اپنے نوٹس میں بتایا کہ “یہ حصول ملک بھر میں مالیاتی خدمات کی تبدیلی کی توسیع کی راہ ہموار اور پاکستان میں مالیاتی شمولیت کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی نمائندگی کرے گا۔

ٹی پی ایل نے کہا کہ وہ اس حصول کو مالیاتی شعبے میں اپنے اثرات کو بڑھانے اور پاکستان میں زیادہ جامع مالیاتی ایکو سسٹم کی تخلیق میں کردار ادا کرنے کے موقع کے طور پر دیکھتے ہیں ۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ حصول تمام ریگولیٹری منظوریوں اور مطلوبہ اختتامی شرائط سے مشروط رہے گا۔

گزشتہ سال دسمبر میں اسٹیٹ بینک نے ٹی پی ایل اور ابھی کو فنکا مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ کی جانچ پڑتال شروع کرنے کیلئے گرین سگنل دیا تھا۔

Comments

200 حروف