پاکستان

عید میلاد النبی ﷺ، صدر اور وزیراعظم کا حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنے پر زور

  • وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی کے ساتھ دن کا آغاز
شائع September 17, 2024

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم اور امت مسلمہ پر زور دیا ہے کہ وہ موجودہ چیلنجز پر قابو پانے کے لئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کریں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے 12 ربیع الاول کے بابرکت موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی۔

اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ قیامت تک انسانیت کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سکھائے ہوئے انسانیت سے محبت اور ہمدردی کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔

دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بابرکت زندگی، نیک کردار اور مثالی طرز عمل پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ کا کام کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دن ہمیں فلسطین اور کشمیر میں اپنے مظلوم بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔

دریں اثنا عید میلاد النبی ﷺ کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق نماز فجر کے بعد امت مسلمہ کے اتحاد اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

اس مبارک موقع پر گلیوں، سڑکوں، عمارتوں، مساجد اور گھروں کو رنگ برنگے قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

Comments

200 حروف