وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے اتحادیوں نے آئندہ چند سالوں میں پاکستان میں 27 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔ یہ بات اتوار ریڈیو پاکستان نے اتوار کو اپنی رپورٹ میں بتائی ہے۔

ٹیلی ویژن پر نشر اپنے بیان انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات اور کویت 10 ارب ڈالر اور آذربائیجان 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے سماجی، اقتصادی اور عدالتی اصلاحات لانے کے لئے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ کسی کو بھی ملک کے امن و استحکام سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پی ٹی آئی کی سیاست کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کو سڑکوں پر نکلنے کے بجائے پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

احسن اقبال نے کہا کہ دوست ممالک نے آئندہ پانچ سال میں پاکستان میں ستائیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی مواقع ہیں جو ہمارے دروازوں پر دستک دے رہے ہیں، پالیسیوں کے تسلسل اور اصلاحات کے ذریعے ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہماری ذمہ داری ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ چین نے بھی سی پیک کے دوسرے مرحلے کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے گروتھ، معاش، جدت ، گرین اکانومی اور کھلی علاقائی جامع ترقی سمیت پانچ نئی راہداریوں کے قیام کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ ڈنمارک کی ایک کمپنی نے پاکستان کے پورٹ انفراسٹرکچر میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی اس سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پارٹی نے آئی ایم ایف معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔

احسن اقبال نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے عدالتی نظام میں بھی اصلاحات لانا ضروری ہے۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں معیشت میں بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے تاریخی طور 80 ہزار پوائنٹس کی بلندی کو چھو لیا ہے جو ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں نے بھی پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پالیسی ریٹ میں کمی کی ہے جس سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔

Comments

200 حروف