پاکستان نے جمعرات کو اسرائیلی قابض افواج کی غزہ کے المواصی کیمپ پر حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

منگل کو غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا تھا کہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر محفوظ قرار دیے گئے علاقے پر اسرائیلی حملے میں 40 افراد شہید ہوئے جبکہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے علاقے میں حماس کے کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا ہے۔

سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے اے ایف پی کو بتایا کہ بحیرہ روم کے ساحل پر ٹیلوں میں واقع کیمپ میں پناہ لینے والے افراد کو حملے کے بارے میں خبردار نہیں کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حملے کے نتیجے میں ”تین گہرے گڑھے“ بن گئے، پورے کے پورے خاندان ریت کے نیچے دفن ہو گئے۔

دریں اثنا اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ایک ایسے علاقے میں حملہ کرنا جسے خود اسرائیلی قابض افواج نے بے گھر افراد کے لیے محفوظ زون قرار دیا ہو، بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خان یونس کا قتل عام بغیر کسی پیشگی انتباہ اور بنیادی تحفظ کی خلاف ورزی اسرائیل کی جانب سے انسانی جانوں کو نظر انداز کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے سیکریٹری جنرل آرسینیو انتونیو ڈومنگیز ویلاسکو بدھ کو پاکستان پہنچے ہیں۔

آئی ایم او کے کسی سیکرٹری جنرل کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔ وہ اسلام آباد اور کراچی میں پاکستانی قیادت اور اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

اسلام آباد میں انٹرنیشنل میری ٹائم بزنس اینڈ فنانس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ویلاسکو نے پاکستان کی سمندری تجارت اور جہازوں کی ری سائیکلنگ کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

سیکرٹری جنرل نے سمندری ماحول کے تحفظ اور میری ٹائم سیکٹر کے پائیدار کام کو یقینی بنانے کے اقدامات پر زور دیا۔

Comments

200 حروف