اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے جمعرات کو واضح کیا کہ بینک نوٹ کے ڈیزائن جنہوں نے حالیہ آرٹ مقابلہ جیت لیا ہے وہ نئی سیریز کے لیے شارٹ لسٹڈ ڈیزائن نہیں ہیں۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ نئی سیریز کے اصل ڈیزائن مسابقتی عمل کے ذریعے منتخب ہونے والی معروف عالمی کمپنیوں کی جانب سے ڈیزائن کیے جا رہے ہیں۔

مرکزی بینک نے بتایا کہ کمپنیاں دسمبر 2024 تک اپنے ڈیزائن پیش کریں گی اور اسٹیٹ بینک بورڈ کی جانب سے منظور شدہ حتمی ڈیزائن جنوری 2025 تک منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو پیش کیے جائیں گے۔

اسٹیٹ بینک وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد نئے بینک نوٹ سیریز کی چھپائی کا عمل شروع کرے گا۔

یہ خبر غلط تبصروں کے درمیان سامنے آئی ہے کہ آرٹ مقابلوں کے فاتح کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن ہوں گے۔

اس سے قبل جنوری میں اسٹیٹ بینک نے نئے بینک نوٹ سیریز کے ڈیزائن کے عمل کا آغاز نئی بینک نوٹ سیریز کے موضوعاتی ڈیزائن آئیڈیاز کے لیے آرٹ مقابلے کے اعلان کے ساتھ کیا تھا۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اس مقابلے کا مقصد مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا اور عوام کو بین الاقوامی بہترین طریقوں کے مطابق ڈیزائن کے عمل میں شامل کرنا تھا۔ اس کے بعد مقامی فنکاروں کی جانب سے جمع کرائی گئی آرٹ انٹریز کا جائزہ معروف فنکاروں کی ایک کمیٹی نے لیا اور اس مقابلے کی فاتح انٹریز کا اعلان 5 ستمبر 2024 کو کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک نے اس بات کا اظہار کیا کہ آرٹ مقابلے کے نتائج کے اعلان کو میڈیا اور عوام کے ایک حصے نے نئے بینک نوٹ سیریز کے ڈیزائنوں کی شارٹ لسٹنگ سے تعبیر کیا ہے۔

آرٹ مقابلوں کے نتائج کے اعلان کا مقصد صرف فنکاروں کی کاوشوں کو سراہنا اور مالی انعامات کے ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔

جیتنے والے ڈیزائنوں میں سے ایک نے مذہبی تنوع کو پیش کیا اور ملک میں رائج مختلف مذاہب کو اجاگر کیا۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ عوام کے ایک طبقے نے اسے غلط انداز میں ایک خاص مذہب کو پیش کرنے کی کوشش کے طور پر پیش کیا، انہوں نے فاتح ڈیزائن کا انتخاب صرف اس کے آرٹ کوالٹی اور مذہبی تنوع کے موضوع کی بنیاد پر کیا ۔

Comments

200 حروف